اس سال ریکارڈ ٹیکس گوشوارے وصول ہوئے: ایف بی آر
پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ اس نے 15 اکتوبر تک 26 لاکھ انکم ٹیکس کے ریکارڈ گوشوارے وصول کر لیے ہیں۔
پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ اس نے 15 اکتوبر تک 26 لاکھ انکم ٹیکس کے ریکارڈ گوشوارے وصول کر لیے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 48 اعشاریہ چھ ارب روپے اکھٹا ہوا ہے۔
گذشتہ ٹیکس سال آخری تاریخ آٹھ دسمبر 2020 تک 18 لاکھ ٹیکس گوشوارے وصول ہوئے تھے اور ان کے ساتھ 29 اعشاریہ چھ ارب روپے کا ٹیکس حاصل ہوا تھا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے میں 45 فیصد اضافہ اور گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس میں 64 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
تاہم ایف بی آر نے پچھلے سال 15 اکتوبر 2020 تک صرف پانچ لاکھ گوشوارے وصول کیے اور ان کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس نو اعشاریہ آٹھ ارب روپے رہا۔ اس طرح اس سال پچھلے سال کے مقابلے میں وصول کردہ گوشواروں اور ٹیکس میں پانچ گنا اضافہ حاصل ہوا ہے۔
ایف بی آر پچھلے پورے ٹیکس سال 30 جون 2021 میں وصول کردہ 30 لاکھ گوشواروں اور ادا شدہ ٹیکس 54.7 ارب روپے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ یہ شاندار کارکردگی بہترین حکمت عملی اور جامع پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اشتہاری مہم کے باعث ممکن ہوئی ہے۔
ایف بی آر نے پہلی مرتبہ تمام سیلولر کمپنیوں کے تعاون سے ان کے مشترکہ 128.6 ملین صارفین کو ٹیکس گوشوارے بر وقت جمع کروانے کے ایس ایم ایس بھی بھجوائے تھے۔