سی سی پی او لاہور نے کہا کہ مانگا منڈی واقعے کے شہدا پولیس پوری فورس کے لخت جگر تھے
شیر جوانوں کےقاتلوں کو بہرصورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے،
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں منعقد ہوا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل،ایس ایس پی انوسٹی گیشن،ایس ایس پی آپریشنز،آپریشنز و انوسٹی گیشز کے تمام ڈویژنل ایس پیز،ایس پی سی آئی اے،ایس پی ڈولفن سکواڈ،اے وی ایل ایس،اینٹی رائٹ فورس،سی آر او،تمام سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارج انوسٹی گیشن سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور کرائم کنٹرول کا جائزہ لیا۔غلام محمود ڈوگر نے پولیس افسران کو چوروں،ڈاکوؤں، لٹیروں اور سنگین جرائم میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف ہارڈ پولیسنگ کی پالیسی اختیار کرنے کا حکم دیا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ مانگا منڈی واقعے کے شہدا پولیس پوری فورس کے لخت جگر تھے جنہوں نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران اپنی جانیں فرض کی راہ میں قربان کر دیں۔انہوں نے کہا کہ شیر جوانوں کےقاتلوں کو بہرصورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے،۔غلام محمود ڈوگر نے ہدایت کی کہ کرائم کنٹرول کے لئے جنرل ہولڈ اپ،سنیپ چیکنگ و پٹرولنگ سمیت ٹارگٹڈ آپریشنل سٹریٹیجی اپنائیں۔تھانوں میں بائیو میٹرک حاضری کے ساتھ نفری کو صبح اور شام بریف کرنے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔سی سی پی او لاہور نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے جبکہ تعینات اہلکاروں کے لئے سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے خبردار کیا کہ منشیات فروشی،قماربازی قبضوں،آرگنائزڈ کرائم میں ملوث ایس ایچ اوز سخت سزا کے لئے تیار رہیں،سی سی پی او لاہور نے اشتہاری،عادی مجرموں اور عدالتی مفروروں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ کلاشنکوف و ڈالہ کلچر،بدمعاشوں،قبضہ مافیا، سماجی برائیوں کےخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ میں سنگین جرائم کے حوالے سے ہیلپ لائن 15 کی کالز میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھند کا فایدہ اٹھا کر وارداتیں کرنے والوں کے تدارک کے پٹرولنگ پلان از سر نو تشکیل دیا ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ چوروں بدمعاشوں اور قبضہ مافیا میں پولیس کا خوف جبکہ شہریوں کے دلوں میں پولیس فورس کی محبت اجاگر کریں۔انہوں نے ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ کانسٹیبلری کے ساتھ بیٹھیں،ان کی کردار سازی کریں اور ان کے دکھ درد اور مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔انہوں نے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور ریڈز کے دوران ایلیٹ فورس ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے زیر تفتیش کیسز جلد یکسو کرنے اور چلاننگ کی شرح بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی اوز ضمنییاں بروقت لکھیں اور اپناسپروائزری رول بہتر بنائیں۔