انویسٹی گیشن سٹی ڈویژن ۔۔قتل، دہشت گردی اوربھتہ مانگنے سمیت مختلف مقدمات میں ملوث 09ملزمان گرفتار
نقب زنی کی واردات کرنیوالا ملزم گرفتار،28لاکھ نقدی اور 18تولے سونا برآمد شاہدرہ ٹاؤن میں شہری کو فائرنگ کر کے قتل کرنیوالا ملزم بھی گرفتار
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):انویسٹی گیشن پولیس سٹی ڈویژن نے قتل، دہشت گردی،بھتہ، ڈکیتی، نقب زنی اور چیک ڈس آنر کے مقدمات میں ملوث 09ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس پی انویسٹی گیشن سٹی عثمان ٹیپو نے آج اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سٹی ڈویژن کے انچارج انویسٹی گیشنز بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس شاہدرہ ٹاؤن نے شہری کو فائرنگ کر کے قتل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ملزم نقی ناصر نے ساتھیوں کے ہمراہ شہری محمد صدیق کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا تھا۔ محمد صدیق کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملزم نقی ناصر نے محمد صدیق کو سابقہ دشمنی کی رنجش پر قتل کیا۔ ملزمان سنگین واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ ملزم نقی ناصر کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا ہے۔ عثمان ٹیپو نے کہا کہ انویسٹی گیشن شفیق آباد نے نقب زنی کی واردات کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر کے 28لاکھ روپے نقدی اور 18تولے سونا برآمد کر لیا ہے۔ ملزم وسیم آفتاب نے مالکان کی غیر موجودگی میں گھر میں نقدی اور طلائی زیورات چوری کرنے کی بڑی واردات کی تھی۔ملزم درزی کا کام کرتا ہے اور وہ جانتا تھا کہ مدعیہ گھر میں نہیں اور اس کا خاوند بیرون ملک مقیم ہے۔ اسی طرح انویسٹی گیشن شفیق آباد نے 6کروڑ 25لاکھ کے بوگس چیک کے مقدمے میں ملوث ملزم گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم افراہیم نے شہری سے کاروبار کے لیے رقم لے کر بوگس چیک دیا تھا۔ ملزم کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں چیک ڈس آنر کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ انویسٹی گیشن پولیس شادباغ نے بھتہ اور دہشت گردی کے مقدمے میں مطلوب 02اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا۔ انویسٹی گیشن پولیس راوی روڈنے اعجاز عرف جگو گینگ کے 02ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا جبکہ انویسٹی گیشن گوالمنڈی نے ڈکیت و چور گینگ کے 02ملزمان راشد اور عبدالمنان کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے نقدی اور موبائل فونز برآمد، متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی عثمان ٹیپو نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کی مدد سے ملزمان کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔