
اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ اورفاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے تحت ’نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول‘کا انعقاد
بہترین فلم، دستاویزی فلم،سنیماٹوگرافی،، ایڈیٹنگ اور دستاویزی سیریزکی کٹیگریز میں 10لاکھ روپے کا انعام دیاگیا
اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (UNFPA) اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے اشتراک سے ایک شاندار سینما ایونٹ’نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول2023‘ کا انعقاد ہواجس کا مقصد تخلیقی صلاحیتوں کومنوانا اور سماجی بیداری کوفروغ دیناتھا۔فیسٹیول کے فوڈ پارٹنر چیزئیس(Cheezious)نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں اپنا اہم کردار اداکیا۔ فیسٹیول میں معروف فلم سازوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور خواتین کو بااختیار بنانے،پاکستان میں سیاحت کے فروغ،ڈیجیٹل ترقی،امن،بھائی چارہ،رواداری اور ماحول کی بہتری جیسے موضوعات پر زور دیا۔تقریب کے مہمان وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور فلم وتفریحی صنعت کی نمایاں شخصیات پر مشتمل ججز کے پینل کے سامنے بہترین انٹریز میں سے سب سے بہتر کو سلیکٹ کرنے کا مشکل مرحلہ درپیش تھا۔ ججزکے پینل میں شہزاد نواز، کنول کھوسٹ، ہاجرہ یامین، سجاد گل سجی،پرویز اختر، ساجد منیر، آمنہ کاظمی، ڈاکٹر احمر سہیل بسرا اور نرگس ہاشمی شامل تھیں۔معزز جج صاحبان کی اجتماعی مہارت اور بصیرت نے مقابلہ کے شرکا میں سے بہترین کی شناخت میں اہم کردار ادا کیا۔نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول میں سامنے آنے والی غیر معمولی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والوں میں مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ ان کیٹیگریز میں بہترین فلم، بہترین دستاویزی فلم، بہترین سنیماٹوگرافی، بہترین ایڈیٹنگ اور بہترین دستاویزی سیریز شامل تھیں۔چیزئیس کے ہیڈ آف مارکیٹنگ زوہیب حسن نے کہاکہ، ”چیزئیس نے پاکستان میں فنون لطیفہ اور ثقافتی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور اس فیسٹیول کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیاہے۔“ نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول اہم سماجی مسائل کے حل اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے قصہ گوئی اور سینما کی اہمیت کاواضح ثبوت ہے۔فیسٹیول نے ابھرتے ہوئے فلم سازوں کوقومی اوردنیا بھرکے اہم موضوعات پر توجہ دیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیاکیا ہے۔