پاکستاناہم خبریںتازہ ترین

پاکستان میں بھارتی میزائل حملے

شہر میں خوفناک دھماکہ ہوا جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے

(سید عاطف ندیم-پاکستان): پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی طیاروں نے بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد میں مخلتف مقامات کو نشانہ بنایا۔خبریں آ رہی ہیں کہ بہاولپور میں ہونے والے حملے میں ایک بچہ ہلاک اور دو افراد کو زخمی ہیں۔ پاکستان فوج نے اپنے ردعمل میں اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر بھارتی حملوں کا جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارت نے بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنايا جبکہ کوٹلی اور مظفر آباد کے مضافات ميں میزائل داغے۔ تاہم ابھی تک ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں پتا۔بہاولپور اور مظفر آباد میں ہونے والے حملوں کی مقامی نمائندوں کی جانب سے بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔ جن علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں اور سرحدی علاقوں کی بجلی بھی بند کر دی گئی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کردی
پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ’بزدل دشمن انڈیا نے پاکستان میں تین جگہوں پر میزائل داغے ہیں۔‘

ڈی جی ائی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ ’انڈیا کی جانب سے بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں فضا سے میزائل داغے گئے ہیں۔‘
’میزائل حملوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ پاکستان وقت کا تعین کر کے انڈیا کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دے گا۔‘
بہاولپور میں دھماکہ
بہاولپور میں مقامی افراد نے تصدیق کی ہے کہ منگل اور بدھ کی رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب شہر میں خوفناک دھماکہ ہوا جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
بعدازاں سکیورٹی اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تاحال نقصان کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔
انڈیا نے جس طرح حملہ کیا ہے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا: خواجہ آصف
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انڈیا نے تینوں حملے سویلین آبادی پر اپنی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے کیے۔
ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈینز ذرا سامنے آئیں، ہم اُن کے ساتھ دو دو ہاتھ کرتے ہیں۔انڈیا نے جس طرح حملہ کیا ہے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔‘
پاکستان میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا گیا: انڈین وزارت دفاع کی تصدیق
دوسری جانب انڈیا کی وزارت دفاع نے رات گئے ایک اعلامیے میں دعویٰ کیا کہ انڈین آرمی نے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے انڈیا کے خلاف ’دہشت گردی‘ کی منصوبہ بندی اور احکامات دیے گئے۔
انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت مجموعی طور پر 9 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائیاں نہایت محتاط، محدود اور غیر اشتعال انگیز نوعیت کی تھیں، جن میں کسی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
انڈین وزارت دفاع کا مزید کہنا ہے کہ اہداف کے انتخاب اور کارروائی کے طریقہ کار میں انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔
یہ اقدامات پہلگام میں ہونے والے ’سفاکانہ دہشت گرد حملے‘ کے ردِعمل میں کیے گئے ہیں، جس میں 25 انڈین شہریوں سمیت ایک نیپالی باشندہ بھی ہلاک ہوا تھا۔
ترجمان وزارت دفاع نے کہا کہ انڈیا اپنے اس عہد پر قائم ہے کہ اس حملے کے ذمے داروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ آج بعد از دوپہر دی جائے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button