مشرق وسطیٰ

خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے کرسچن وومن لیڈر شپ کانفرنس

آج کے اجتماع کا مقصد ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کو فروغ دینا ہے جہاں خواتین کو بااختیار بنایا جائے، بچوں کے حقوق کا تحفظ ہو اور مختلف مذاہب کے لوگ ہم آہنگی کے ساتھ رہیں

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں فلاحی تنظیم لائف فار گارڈین فاؤنڈیشن پاکستان پارٹنرشپ نے مسیحی خواتین لیڈر شپ کانفرنس کے موضوع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں
خواتین میں سرمایہ کاری: ترقی کو تیز کرنے کے موضوع پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لائف فار گارڈینز مہناز جاوید نے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کے اجتماع کا مقصد ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کو فروغ دینا ہے جہاں خواتین کو بااختیار بنایا جائے، بچوں کے حقوق کا تحفظ ہو اور مختلف مذاہب کے لوگ ہم آہنگی کے ساتھ رہیں۔ پنجاب کے سابق وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں جبکہ مذہبی اقلیتوں نے زندگی کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر قانون سازی کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات سمیت مساوی انسانی حقوق، امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کریں گی۔ مسلم لیگ ن کی ایم پی اے اور چیئرپرسن پینل پنجاب اسمبلی
راحیلہ خادم نے کہا کہ خواتین کو فخر ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز انکی نمائندہ ہیں جو پہلے روز سے ہی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے ہر محکمے میں خالی آسامیوں پر خواتین کی بھرتی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہوئی ہے اور اعلان کیا ہے کہ ورکنگ وومن کے لئے میٹرنٹی لیو منظور کرنے کا قانون بنایا جائے گا۔ یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن کے سربراہ شاہد رحمت نے کہا کہ آج کا دن باعث فخر ہے کہ مسیحی خواتین ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں اور عالمی دن کو ان کے ساتھ جوڑنے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پذیرائی ہوگی۔ خواتین خصوصاً بچیاں اگر سکول، کالج اور یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں توان کے گھروں والوں کو مکمل ساتھ دینا چاہیے کیونکہ خواتین میں بہت زیادہ پوٹنشل ہے جسے ملکی ترقی کے لئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ایم پی اے بابا فیلبوس کرسٹوفر، بشپ آف لاہور ندیم کامران، معروف انسانی حقوق کی کارکن نبیلہ فیروز بھٹی سمیت تمام مقررین نے خواتین میں آگاہی، خواتین کو بااختیار بنانے، پائیداری اور احتساب، ترقی پر زور دیا جبکہ کانفرنس کے اختتام پر مسیحی خواتین کی مختلف شعبوں میں اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈز سے بھی نوازا گیا ۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button