صحت

صوبائی وزراء ڈاکٹر جمال ناصر اور منصور قادرکا راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

آر سی سی آئی، پی ایچ اے، ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اور محکمہ جنگلات کے گرین پنجاب مفاہمتی یاداشت پر دستخط, ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے عوامی آگاہی ازحد ضروری ہے، منصور قادر

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر اور نگران وزیر تعلیم منصور قادر نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آر سی سی آئی، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی، ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اور محکمہ جنگلات کے مابین ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گے جس کے تحت صوبائی حکومت کے گرین پنجاب پروگرام کے حوالے سے شجر کاری مہم کے دوران پودے لگانے اور انکے تحفظ کیلئے جامع اقدامات کئے جائیں گے۔
صدر آر سی سی آئی ثاقب رفیق، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، صدر سمال چیمبر طارق جدون، ویمن چیمبر کی صدر رفعت شاہین، شیخ حفیظ اور آر سی سی ائی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت صوبہ میں شجر کاری مہم کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت تمام سرکاری محکموں اور تاجر برادری کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تغیر کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے خلاف شجر کاری ایک ڈھال ہے اور اس نے ملک کو گرین اور صاف شفاف بنانے کی اہمیت کو پوری طرح اجاگر کر دیا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہر شہری کو اپنی معاشرتی ذمہ داری سمجھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہونگے اور جو پودے لگائے جائیں انکو مخفوظ بھی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر گرین ٹاسک فورس کے پلیٹ فارم سے درخت لگانے اور شجرکاری کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کیلئے گزشتہ 20 سال سے زائد عرصہ سے مصروف عمل ہوں۔
نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر شجرکاری مہم کے باقاعدہ اہداف مقرر کئے گے ہیں اور انکے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے عوامی آگاہی ازحد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں،محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے کو صف اول میں کھڑے ہو کر اس شجرکاری مہم کا حصہ بننا ہو گا۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے کہا کہ نہ صرف زیادہ سے زیادہ پودے لگانا ناگزیر ہے بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ ہر پودے کو باقاعدہ نمبر لگایا جائے اور اس کا ریکارڈ بھی رکھا جائے تاکہ ان پودوں کی گروتھ اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم سات فٹ تک سائز کے پودے لگائے جائیں تا کہ انکی بڑھوتری اور نشوونما تیز رفتار ہو سکے۔
صدر آر سی سی آئی ثاقب رفیق اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ صوبائی وزراء اور کمشنر راولپنڈی کے دورہ پر مشکور ہیں اور کابینہ کے اراکین اور اعلی ڈویژنل انتظامی افسران کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت شجرکاری کو کس قدر اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور بزنس کمیونٹی حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھے گی اور شہر کو گرین بنانے میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ نے شہر میں تجاوزات کے خاتمے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے جس سے تاجروں اور بزنس کمیونٹی کا درینہ مطالبہ پورا ہوا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button