
نگران صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کاایل ڈی اے ون ونڈوسیل کادورہ،سینئرسٹیزن کاونٹرپرگئے اورشہریوں سے فیڈبیک لیا
کرپشن کسی صورت برداشت نہیں، افسران وملازمین ایمانداری سے کام کریں, ایل ڈی اے میں آنے والے شہریوں کے مسائل فوری حل ہونے چاہئیں۔صوبائ وزیر
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):نگران صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ایل ڈی اے آفس کادورکیا،کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے صوبائی وزیر کوخوش آمدیدکہااورانہیں ایل ڈی اے کی ورکنگ اور مختلف شعبوں پر بریفنگ دی۔اس موقع پرصوبائی وزیر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ بھی کیااور ون ونڈو سیل میں قائم سینئر سٹیزن سنٹر کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نےون ونڈو سیل میں آئے سائلین سے سروسز کی فراہمی کے بارے میں فیڈ بیک بھی لیا۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے صوبائ وزیرکوبتایاکہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل میں شہریوں کو 52 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ ون ونڈو سیل میں ایک ہی چھت تلے تمام سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے ایل ڈی اے افسران سے تعارفی میٹنگ بھی کی۔انہوں نے افسران کوہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ایل ڈی اے میں آنے والے شہریوں کے مسائل فوری حل ہونے چاہئیں۔آئی ٹی کی مدد سے شہریوں کو گھر کی دہلیز پر سروسز فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔تمام افسران وملازمین ایمانداری سے کام کریں۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ شخص کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ میں آیا ہی کرپشن ختم کرنے کیلئے ہوں۔محکمہ ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عوام کو سہولیات دینے کا ذمہ دار ہے۔نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ افسران ادارے کیلئے کام کریں، فرد واحد کیلئے نہیں۔ایل ڈی اے عوام کو سہولیات دینے کیلئے مزید اقدامات کرے۔صوبائی وزیرنے کہاکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران ہی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔تعارفی اجلاس میں صوبائی وزیر کو تمام شعبوں سے متعلقہ امور پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ صالحہ سعید, ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر ، ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ ، ایڈیشنل ڈی جی کچی آبادی اینڈ ایجوکیشن، چیف میٹرو پولیٹن، چیف ٹاؤن پلانر ، چیف انجینئر،ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر ڈی جی ہیڈکوارٹر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔