
حکومت کی جانب سے لیسکو کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار نہیں دیا گیا، ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی
لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم کے دوران 65ہزار سے زائد ملزمان کو پکڑا گیا ہے جس میں لیسکو کے 59اہلکار بھی شامل تھے، لیسکو کی جانب سے ملزمان کو 3 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی محدود وسائل میں صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے، حکومت کی جانب سے لیسکو کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار نہیں دیا گیا۔
ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور پاور ڈویژن کی جانب سے متعدد بار لیسکو کی کار کردگی کو سراہا گیا ہے،ترجمان لیسکو کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران ریکوری 97فیصد رہی،لیسکو ای آر پی سسٹم کے تحت تمام سامان کی فراہمی کر رہا ہے جبکہ نئے کنکشنز کے لیے میٹر ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جارہے ہیں، لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم کے دوران 65ہزار سے زائد ملزمان کو پکڑا گیا ہے جس میں لیسکو کے 59اہلکار بھی شامل تھے، لیسکو کی جانب سے ملزمان کو 3 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا جس میں سے 2ارب روپے سے زائد کی وصول کرلی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ لیسکو 18ہزار سے زائد ملازمین و افسران پر مشتمل ادارہ ہے جو کہ پنجاب کے 5اضلاع میں بجلی کی فراہمی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ صارفین سے اپیل ہے کہ ادارے سے متعلق ہونیوالے کسی بھی منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کر دیں۔