چیف سیکرٹری کاپرائس کنٹرول اقدامات میں کارکردگی کی بنیاد پر اضلاع کی درجہ بندی کا حکم
چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اشیاء کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اشیاء کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں، پرائس کنٹرول اقدامات میں کارکردگی کی بنیاد پر اضلاع کی درجہ بندی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ ہدایت اشیاء کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں اضلاع میں ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسلز کو مکمل فعال کرنے اورگندم اور آٹے کی سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی انتظامی افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے، عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی کیلئے افسران اپنے فرائض محنت اور نیک نیتی سے سر انجام دیں۔ انہوں نے گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے محکمہ صنعت کو بناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن سے رابطے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں اورسبزیوں کی قیمتوں میں استحکام کیلئے منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی نگرانی جاری رکھی جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے25نومبر سے کرشنگ سیزن شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شوگر ملوں کو 25نومبر سے کرشنگ سیزن شروع کرنے کا پابند بنایا جائے اور احکامات پر عمل نہ کرنے والی شوگر ملوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں بوائلر نہ چلانے والی 17شوگر ملوں کونوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ صوبے میں آٹے اور چینی کے وافر سٹاکس موجود ہیں اور20کلو آٹے کا تھیلا 1295روپے کی رعائتی قیمت پر ہر جگہ دستیاب ہے۔سیکرٹری خوراک، سپیشل سیکرٹری زراعت، کین کمشنرپنجاب اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔