
صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد کا میو ہسپتال کا دورہ،ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا
صوبائی وزیر نے ایمرجنسی بلاک میں جاری فنشنگ کے کاموں کا مشاہدہ کیا اور متعلقہ انتظامیہ کو دی گئی ڈیڈ لائن پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا حکم ہے کہ اسکو 7 جنوری تک کھولا جائے تاہم روزانہ وزٹ کر کے پیش رفت کا جائزہ لوں گا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب نے صوبائی وزراء کو روزانہ مختلف ہسپتالوں کے دورے کرنے کے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں، اسی تناظر میں صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد کو میو ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت تک تکمیل کرانے کا پابند کیا گیا ہے جبکہ میو ہسپتال ایمرجنسی اپ گریڈیشن تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے۔ صوبائی وزیر نے ایمرجنسی بلاک میں جاری فنشنگ کے کاموں کا مشاہدہ کیا اور متعلقہ انتظامیہ کو دی گئی ڈیڈ لائن پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا حکم ہے کہ اسکو 7 جنوری تک کھولا جائے تاہم روزانہ وزٹ کر کے پیش رفت کا جائزہ لوں گا ۔ ابراہیم حسن مراد نے میو ہسپتال کے چلڈرن بلاک کا بھی دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر ساتویں فلور تک گئے اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔