اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

خیبر پختونخوا میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، سابق سینیٹر سمیت چھ افراد جاں بحق

پولیس حکام نے ایک اور دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل ماموند کے بعد دوسرا بم دھماکہ تحصیل خار کے علاقے پیشتو میں ہوا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
باجوڑ کے ضلعی پولیس حکام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سابق سینیٹر کی گاڑی کو باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ایک دیسی ساختہ ریموٹ بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان کے علاوہ چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
پولیس حکام نے ایک اور دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل ماموند کے بعد دوسرا بم دھماکہ تحصیل خار کے علاقے پیشتو میں ہوا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
ہدایت اللہ خان ایک معروف اور بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ قبائلی علاقوں سے آزاد حیثیت میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے اور 2018 سے 2024 تک سینیٹر رہے۔ ان کے والد حاجی بسم اللہ خان کئی بار باجوڑ سے آزاد حیثیت میں رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔
ہدایت اللہ خان کے بھائی انجینئر شوکت اللہ خان 2008 سے 2013 تک پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت میں گورنر خیبرپختونخوا تھے۔
ہدایت اللہ خان صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 22 کے ضمنی انتخابات کے لیے اپنے بھتیجے نجیب اللہ کی الیکشن مہم کے لیے ڈمہ ڈولہ گئے تھے جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کی ذمے داری اب تک کسی فرد یا گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ البتہ پولیس حکام اور قبائلی رہنما اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دے رہے ہیں۔
افغانستان سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں گھات لگا کر قتل اور دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول کے دھماکے تواتر سے ہوتے رہتے ہیں جن میں نشانہ اکثر قبائلی رہنما یا مذہبی و سیاسی جماعتوں کے عہدے دار بنتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری ندیم اسلم چودھری نے باجوڑ میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعے کو انتہائی افسوس ناک اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے بھی سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں سینیٹر سمیت پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کی مذمت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا اور ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button