
جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں
قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے بجلی چوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائیگا جبکہ واجبات /بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ڈیفالٹر ز کو بجلی استعمال کرنیکا کوئی حق نہیں ہے ان کے کنکشنزفوری منقطع کرکے ٹرانسفارمرزاُتارے جارہے ہیں
جنوبی پنجاب پاکستان (پیر مشتاق رضوی نمائندہ خصوصی وی او جی جنوبی پنجاب): چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز سردار محمد جمال خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے بجلی چوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائیگا جبکہ واجبات /بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ڈیفالٹر ز کو بجلی استعمال کرنیکا کوئی حق نہیں ہے ان کے کنکشنزفوری منقطع کرکے ٹرانسفارمرزاُتارے جارہے ہیں۔ بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف جاری آپریشن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ کی کارکردگی سراہنے کے قابل ہے۔ صوبہ پنجاب کی بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے مقابلے میں میپکو کی کارکردگی بہترجارہی ہے اسے مزید بہتربنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 205ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان سرکل کے زیر انتظام پچھاد/کچے /راجن پور/روجھان/وہواکے علاقے میں میپکو ٹیموں پر تشدد/مارپیٹ/مزاحمت کے واقعات پر تشویش ہے ان علاقوں میں آپریشن کرنے کے لئے وزارت توانائی اور صوبائی حکومت سے رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔حکومتی احکامات پر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کامیاب بنانے کے لئے ریجن بھر کے آپریشنل سپریٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹوانجینئرز اور ایس ڈی اوز کے دوسرے شہروں میں تبادلے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان اتحاد/صنعتکار/تجارتی صارفین کے کنکشنز کی چیکنگ کے لئے بلاامتیاز آپریشن کیاجارہاہے۔ کسی بھی علاقے میں وڈیرا/سردار بجلی چوری کررہاہے تو اس کے خلاف بھی عام صارف کی طرح کاروائی کی جارہی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف جاری آپریشن بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ منظم آپریشن میپکو کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے 13اضلاع میں کئے جارہے ہیں جہاں پولیس کے تعاون سے میپکو کی ٹیمیں بجلی چوروں کی سرکوبی اور نادہندگان سے واجبات /بقایاجات وصول کرنے کے لئے کامیاب آپریشن کررہی ہیں۔ پولیس کی مکمل سپورٹ کے باعث میپکو کی ٹیمیں آزادانہ آپریشن کرکے مثبت نتائج حاصل کررہی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکونے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں مختلف ایجنڈے پیش کئے جنہیں بورڈ نے متفقہ طورپر منظور کیا۔ بورڈ نے 100KVAاستعدادکار کے 850اور 200KVAاستعدادکار کے 750ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی خریداری، ترمیم شدہ میپکو ڈیپوٹیشن پالیسی2022ء اور 132KVعارفوالہ۔ہوتہ۔ بہاولنگر ٹرانسمیشن لائن کی ری کنڈکٹرنگ کی منظوری دی۔ اجلاس میں بورڈ ڈائریکٹرزانجینئر فضل اللہ دُرانی،میاں شاہد اقبال،میاں محمد علی، حسین احمد فضل،رانا یاسر رؤف،جام محمد جابرلاڑ، اطہر علی مزاری اور خرم مشتاق نے شرکت کی۔اس موقع پرفنانس ڈائریکٹر میاں انصار محمود،جنرل منیجر آپریشن ناصر ایاز گرمانی، چیف انجینئرکسٹمرسروسز جام گل محمد زاہد، ڈائریکٹرایچ آر ایم محمد وجاہت بُچہ اور کمپنی سیکرٹری ساجد یعقوب انصاری بھی موجود تھے۔