کھیل
ٹرینڈنگ

پاکستانی ٹیم آخر کار ہوم گراؤنڈ پر فتح کی دیوی سے سمجھوتا کرنے میں کامیاب

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نےانگلینڈ کو 152 رنزسے ہرادیا

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک )دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نےانگلینڈ کو 152 رنزسے ہرادیا۔ اس طرح تین میچزکی سیریزایک ایک سےبرابرہوگئی ۔ ملتان ٹیسٹ کی خاص بات پاکستانی سپنرز کی کارکردگی رہی ۔
پہلی اننگز میں ساجد خان کاجادوخوب چلا ۔انہوں نےانگلش بیٹرزکوگھیرےمیں لےکرپویلین کی راہ دکھائی ۔ پاکستانی سپنرنے پہلےہی اوورمیں بین ڈکٹ کوآؤٹ کیا اورخطرے کی گھنٹی بجائی ۔انہوں نے پہلی اننگزمیں مجموعی طور پر7 وکٹیں لیں۔
دوسری اننگز میں ساجد خان تو دو ہی وکٹیں لے پائے مگر نعمان علی نے اپنی اہمیت منوا لی اور8کھلاڑیوں کوبیٹنگ کے داؤ پیچ بھلانے کے بعد با آسانی شکار کیا۔
297 رنزکےتعاقب میں تیسرے دن کے آخری سیشن میں انگلینڈ کی دو وکٹیں گریں مگر جمعے کو کھیل کے پہلےسیشن میں ہی سب کچھ بدل گیا اورہرطرف نعمان کی گھومتی گیندیں پریشان کرتی رہیں ۔
اولی پوپ 22، جوروٹ 18،ہیری بروک 16، جیمی سمتھ 6، بریڈن کارس27، جیک لیچ ایک اور شعیب بشیر صفر پر آؤٹ ہوئے ۔
انگلش ٹیم صرف 144رنز بنا پائی اور یوں 152رنز سے فتح ٹیم پاکستان کے حصے میں آئی ۔
پاکستانی ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پرآخری ٹیسٹ فروری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف جیتا جس کے بعد فتح کی دیوی ہوم گراؤنڈ پرلوٹ کر نہیں آئی ۔

پاکستانی ٹیم کی ہوم گراؤنڈ میں کارکردگی کیسی رہی ؟

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2022 کا پنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوا۔اسی سیریز میں کراچی ٹیسٹ بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا مگر آسٹریلیا نے 2022 میں لاہور ٹیسٹ 115 رنز سے جیتا۔
اسی طرح پاکستان کو انگلینڈ کے 2022 کے تینوں ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ نےپنڈی ٹیسٹ میں 74 رنز سے فتح سمیٹی ۔ 2022 کا ملتان ٹیسٹ 26 رنز سے اپنے نام کیا جبکہ کراچی ٹیسٹ 8 وکٹ سے جیتا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 2022 میں تینوں ٹیسٹ ڈراہوئے ۔ ٹیم پاکستان کو بنگلادیش نے 2024 میں پہلا ٹیسٹ 10 وکٹوں سے ہرایا جبکہ بنگال ٹائیگرز نے سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 6وکٹ سے جیتاتھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button