
ورلڈ اولمپکس گیمز میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے سپیشل اتھلیٹس پر فخر ہے، ورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن
گورنر ہاؤس لاہور میں برلن جرمنی میں ہونے والی ورلڈ اولمپک گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے سپیشل اولمپکس کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):گورنر ہاؤس لاہور میں برلن جرمنی میں ہونے والی ورلڈ اولمپک گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے سپیشل اولمپکس کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن اور نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم مہمانان خصوصی تھے۔نگران صوبائی وزیر کھیل وہاب ریاض بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر گورنع پنجاب کی اہلیہ، سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین، ڈی جی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مدثر ریاض ملک، ڈائریکٹرز سوشل ویلفیئر عرفان گوندل، فیض نعیم وڑائچ اور سلمان، سوشل ورکرز، خصوصی افراد، این جی اوز اورمتعلقہ افسران موجود تھے۔ گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن اور نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سپیشل اتھلیٹس کے درمیان یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف ٹیبلوز اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔ تقریب سے گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن، نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم اور وہاب ریاض نے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔ گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ آج سپیشل اتھلیٹس سے ملاقات کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ ورلڈ اولمپکس گیمز میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے سپیشل اتھلیٹس پر فخر ہے۔ سپیشل اتھلیٹس نے اپنی محرومی کو بالائے طاق رکھ کر بہترین کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ سپیشل اتھلیٹس نے برلن جرمنی میں ورلڈ اولمپکس گیمز میں میڈلز جیت کر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ ورلڈ اولمپکس گیمز میں پاکستان کے 83 سپیشل اتھلیٹس نے میڈلز جیتے ہیں۔ اللہ پاک نے ان سپیشل اتھلیٹس کو بے پناہ صلاحتیوں سے نوازا ہے۔ پنجاب سے سولہ سپیشل اتھلیٹس نے کامیابی اپنے نام کی ہے۔