
ترقیاتی کاموں میں سستی برداشت نہیں‘ ڈیڈلائن تک کام مکمل کرنے کے لئے دن رات کام جاری رکھیں۔محمد علی رندھاوا
شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے اطراف ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اچانک دورہ کیا۔لاہور برج توسیعی منصوبے‘شاہدرہ چوک فلائی اوور‘ کلمہ چوک میں سی بی ڈی انڈرپاس اور علی زیب روڈ انڈرپاس پرجاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پرکمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاو ا نے متعلقہ افسران کو منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کا خاص خیال رکھا جائے۔متعلقہ افسران نے کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے کو بریفنگ میں بتایا کہ لاہور برج توسیعی منصوبے پر کام تیزی سے دن رات جاری ہے۔شاہدرہ فلائی اوور کی تعمیر پر کام شروع کر دیا گیا۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے ترقیاتی منصوبوں پر دن رات کام جاری رکھنے اور ڈیڈ لائن پر منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی سہولت کے کاموں میں کسی قسم کی سستی برادشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے الائیڈ محکموں کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کاموں میں ایل ڈی اے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ چیف انجینئر اسرار سعید خان اور متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے محمد علی رندھاوا کو منصوبوں پر بریفنگ دی۔