
انجینئر خرم دستگیر خاں کی طرف سے حالیہ بارشوں کے دوران گوجرانوالہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی بحالی میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا
چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب نے نا اہلی کا مظاہرہ کرنے والے ایک ایکسیئن کو معطل جبکہ ایک ایس ڈی او کو تبدیل کر دیا ہے
گوجرانوالہ پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):وزیرتوانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خاں کی طرف سے حالیہ بارشوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی بحالی میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جس پر چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب نے نا اہلی کا مظاہرہ کرنے والے ایک ایکسیئن کو معطل جبکہ ایک ایس ڈی او کو تبدیل کر دیا ہے۔اس سلسلہ میں وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں نے چیف ایگزیکٹو گیپکو سے تفصیلی بریفنگ لی اور حالیہ مون سو ن کے دوران گیپکو کے ایکشن پلان اور بریک ڈاؤن کی صورت میں بجلی کی فوری بحالی پر لئے گئے اقدامات پر استفسار کیا جس پر چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ حالیہ مون سون کیلئے تمام سب دویژنوں میں اضافی ٹرانسفارمرز، ٹرالیاں اور ٹی اینڈ پی معقول مقدار میں مہیا کی گئی ہے تاہم شہر کے بعض علاقوں میں غیر ضروری تاخیر سے بجلی بحالی اور فرائض میں غفلت پر ایک ایکسیئن سمیت دو افسران کی کوتاہی پائی گئی ہے جس پر ایک ایکسیئن کو معطل اور ایک ایس ڈی او کو تبدیل کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹونے بتایا کہ آئندہ ایسی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے۔ بریفنگ کے دوران چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ بھی موجود تھے۔وزیر توانائی نے کہا کہ لائن سٹاف اور کمپلینٹ دفاتر کا عملہ صارفین کے ساتھ اپنارویہ نہایت سائشتہ اوردوستانہ رکھیں اور ان کی شکایات کے ازالہ میں کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں نے خاص طور پر لدھے والا، اروپ، سول لائن، قلعہ دیدار سنگھ،سیٹلائیٹ ٹاؤن وغیرہ کے علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے تلقین کی اور کہا کہ اِن علاقوں کے صارفین کی جانب سے بجلی بحالی میں تاخیر کی بہت زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی جس علاقہ میں صارفین کی بجلی بحالی سے متعلق شکایات کے حل میں کوئی غیر ضروری تاخیر یا کوتاہی سامنے آئی تو وہاں ایس ڈی او /ایکسیئن اور متعلقہ عملہ کے خلاف سخت ایکشن لیں گی۔