
ریونیو ، ہیلتھ و ایجوکیشن اتھارٹی کے محکموں کی ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کو بریفنگ
رافعہ حیدر نے کہا کہ ضلع لاہور کو ریونیو معاملات میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مراکز میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کو ریونیو ، ہیلتھ و ایجوکیشن اتھارٹی کے محکموں نے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر مجتبیٰ بھروانہ ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب کرمانی اور سی او ایجوکیشن طارق حبیب نے اپنے اپنے محکموں کی بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے لاہور میں ریونیو معاملات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور لاہور کے موضع جات، پٹواریوں کی تعداد، دیہی مرکز مال، نزول لینڈ پر بریفنگ دی گئی۔ سرکاری زمین کی واگزاری، ریونیو ریکوری ، ریونیو کیسز کی تعداد، جمع بندی اور ہائوسنگ اسکیموں پر بریفنگ دی گئی اور سی ای او ہیلتھ نے ڈینگی و پولیو، ٹی بی سنٹرز، صحت مراکز، کورونا ویکسی نیشن، ہیومن ریسورس پر بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور نے ڈینگی سرویلنس اور آنے والی پولیو مہم کی ٹریننگ کے حوالے سے دریافت کیا۔ سی ای او ایجوکیشن نے لاہور کے سرکاری و نجی سکولوں کی تعداد پر بریفنگ دی اور ایجوکیشن کی 36 ترقیاتی اسکیموں، اساتذہ کی انکوائریوں پر بریفنگ دی۔ لاہور میں این جی اوز کے زیر اہتمام چلنے والے سکولوں پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ ضلع لاہور کو ریونیو معاملات میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مراکز میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ ڈینگی و پولیو مہم میں بہترین نتائج کے لئے تمام ادارے ملکر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں نظام تعلیم اور سکول انفراسٹرکچر کو بہتر کریں گے۔