
تعلیمی اداروں میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع
پاکستان کے برادرز ممالک کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں، مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد کی جائے گی ، تمام محکمے کوارڈینیشن کے ساتھ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کریں ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں کولیکشن سنٹرز قائم کیے جائیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید
لاہور پا کستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ، پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے ، ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ(ریٹائرڈ) عمران قریشی نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے فنڈ ریزنگ بارے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی فنڈ ریزنگ کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں کولیکشن سنٹرز قائم کریں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو کو کولیکشن سنٹرز کے فوکل پرسن مقرر کریں۔انہوں نے کہا کہ سکول کی مارننگ اسمبلیوں میں بچوں کو زلزلہ متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ بارے آگاہی بھی دی جائے اور کولیکشن سنٹرز پر وہ اشیاء دستیاب کی جائیں جو مطلوبہ معیار پر پوری اتریں ، اور جو اشیاء زلزلہ متاثرین کے لیے بجھوائی جائیں ان کی Expairy کم از کم چھ ماہ تک ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسلامی ممالک کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں اس مشکل گھڑی میں زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے ، ترکیہ اور شام کے ساتھ دیرینہ وابستگی ہے مشکل گھڑی میں پورے پاکستان کی عوام ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے این جی اوز کی مدد حاصل کی جائے اور تمام محکمے کوارڈینیشن کے ساتھ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کریں۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے مزید کہا کہ مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے قائم کردہ وزیر اعظم ریلیف فنڈ برائے زلزلہ ترکیہ میں عطیات جمع کروائیں اور شہری انٹرنیٹ بینکنگ ، موبائل بینکنگ اور اے ٹی ایم کے ذریعے بھی فنڈز جمع کروا سکتے ہیں.