پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے شہر میں واقع کراچی پولیس آفس میں دہشت گردوں کے حملے میں رینجرز اور پولیس اہلکار سمیت چار افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے تین حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے واٹس ایپ پیغام کے ذریعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
کراچی پولیس کے ترجمان نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جمعے کی شب ساڑھے 7 بجے کے قریب تین مسلح افراد نے کراچی پولیس آفس نزد شارع فیصل پر حملہ کیا۔‘
’پولیس کمانڈوز نے مقابلے کے دوران عمارت میں داخل ہونے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ایک دہشت گرد پولیس کی فائرنگ کے دوران جیکٹ پھٹنے سے جبکہ دو پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’آپریشن ڈی آئی جیز، آر آر ایف، ساؤتھ، ایسٹ اور دیگر افسران وجوانوں نے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے پولیس کے شانہ بشانہ آپریشن میں حصہ لیا۔‘
وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’کراچی پولیس آفس پر تین دہشت گردوں نے حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں دو پولیس اور ایک رینجرز اہلکار سمیت چار افراد ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری سے حملے کا مقابلہ کیا ہے اور عمارت کو کلیئر کرا لیا گیا۔‘
’پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہمارے اداروں نے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔‘
ایک عینی شاہد محمد زبیر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’تقریباً ساڑھے 7 بجے کے قریب اچانک زوردار دھماکوں کی اور فائرنگ کی آوازیں آنے لگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چند ہی لمحات میں علاقے میں بلیک آؤٹ ہوگیا اور پولیس اور ایمبولینس کی گاڑیوں کا شور سنائے دیا۔ پولیس نے لائنز ایریا سے شارع فیصل جانے والی سڑکیں بند کردیں اور کچھ دیر بعد معلوم ہوا کہ کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور مسلسل ایمبولینسز آتی جاتی نظر آئیں۔‘
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ’کراچی پولیس آفس پر حملے میں مجموعی طور پر آپریشن کے دوران رینجرز کا ایک سب انسپکٹر تیمور شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔‘
جناح ہسپتال کی جانب سے حملے میں زخمی ہونے والوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں، ترجمان جناح ہسپتال محمد جہانگیر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ایک پولیس اور ایک رینجرز سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘
’تیس سالہ پولیس اہلکار غلام عباس اور 37 سالہ خاکروب اجمل مسیح ولد سلیم مسیح واقعے کے نتیجے میں مارے گئے۔ اس کے علاوہ چھ رینجرز اہلکار بھی زخمی حالت میں لائے گئے ہیں۔ رینجرز کے زخمی ہونے والوں میں طاہر ولد امجد عمر 26 سال، عبدالرحیم ولد شان محمد عمر 40 سال اور عمران ولد یونس عمر 35 سال شامل ہیں۔
’آفتاب ولد عبدالنبی عمر 30 سال، عمیر، محمد لطیف ولد فیال بادشاہ شامل ہیں۔ پولیس کے زخمی ہونے والے اہلکاروں میں لطیف ولد محمد نواز عمر 50 سال، حاجی عبدالرزاق ولد نامعلوم عمر 55 سال، عبدالخالق ولد بندو خان عمر 48 سال، رضوان ولد غلام مشتاق اور ضراب شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایک ایدھی رضاکار ساجد بلوچ بھی واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔