اسلام آباد: ملک میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے باعث وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے‘ ریڈ زون میں عام افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ پولیس کو سرکاری ملازمین اور سرکاری گاڑیوںکی تلاشی کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ ڈپلومیٹک انکلیو کے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے باعث سکیورٹی کو الرٹ کردیا گیا ہے‘ ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں اور بالخصوص ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کیا گیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔ دوسری جانب ریڈ زون میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین اور سرکاری گاڑیوں کی تلاشی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملوں سے متعلق موصول ہونے والی انٹیلی جنس رپورٹ کی روشنی میں سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے‘ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں۔