کاروبار

کارپٹ ایسوسی ایشن کاپاکستان بیرون ممالک نمائشوں کیلئے پیشگی تیاری کا فیصلہ

ہاتھ سے بنے قالینوں کی موثر تشہیر اور مارکیٹنگ کیلئے جدید ٹولز سے استفادہ کرنے کی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی ، ملک میں بے چینی کی کیفیت اور ڈالر کے اتار چڑھائو کی وجہ سے برآمدکنندگان ذہنی دبائو کا شکار ہیں ۔

کراچی :پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے رواں سال پاکستان میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے انعقاد سمیت پاکستان اور بیرون ممالک منعقد ہونے والی نمائشوں میں شرکت کے حوالے سے پیشگی تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی موثر تشہیر اور مارکیٹنگ کیلئے جدید ٹولز سے استفادہ کرنے کی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی ، ملک میں بے چینی کی کیفیت اور ڈالر کے اتار چڑھائو کی وجہ سے برآمدکنندگان ذہنی دبائو کا شکار ہیں ۔
ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نعیم کھوکھر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف ، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان ،سینئر ممبر ریاض احمد ، سعید خان، شاہد حسن ، میجر (ر)اختر نذیر ، اکبر ملک ، کامران رضی ،عمیر عثمان سمیت دیگر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ اجلاس میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مشکلات ، اسٹیٹ بینک سمیت دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے جرمنی میں منعقد ہونے والی ڈومو ٹیکس نمائش میں شرکت اور اس کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر آئندہ برس ترکیہ میں ڈوموٹیکس نمائش میں حصہ لینے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔
اجلاس میں رواں سال پاکستان میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے انعقاد کے حوالے سے بھی ابتدائی مشاورت ہوئی ۔ اجلاس میں رواں سال مئی میں ٹیکسپو کراچی میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات ڈسپلے کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ نعیم کھوکھر نے کہا کہ موجودہ حالات میںہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت شدید مشکلات سے دوچار ہے جس سے برآمدات میں بھی کمی ہو رہی ہے۔ سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا کہ ڈالر کے اتار چڑھائو کی وجہ سے برآمد کنندگان برآمدی معاہدوں کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں ۔ ڈالر کی قدر کو مستحکم رکھنے کے لئے سخت پالیسی مرتب کی جائے تاکہ برآمدکنندگان کسی خوف کے بغیر برآمدی معاہدے کریں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button