صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کا جامعہ اشرفیہ اور جامعہ نعیمیہ کا دورہ
مدارس کے طلباء کی ہیپاٹائیٹس و ایڈز کی سکریننگ کے لئے اگلے ہفتے کیمپ لگائے جائیں گے۔ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے جامعہ اشرفیہ اور جامعہ نعیمیہ کا دورہ کیا۔ جامعہ اشرفیہ میں ناظم مولانا اسعد عبیداللہ جبکہ جامعہ نعیمیہ میں علامہ راغب نعیمی نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔ڈاکٹر جمال ناصر دونوں جامعات میں لائبریری، کلاس رومز، شعبہ حفظ و درس نظامی سمیت مختلف شعبوں میں گئے اور مدارس میں زیر تعلیم طلباء کو دستیاب تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ مدارس میں اگلے ہفتے طلباء کی ایچ آئی وی اور ہیپاٹائیٹس کی سکریننگ کی جائے گی۔محکمہ صحت کی ٹیمیں طلباء کی سکریننگ سمیت مفت ادویات اور دیگر میڈیکل سہولیات فراہم کریں گی۔ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا کہ مدارس و مساجد میں طلباء کی آگہی کے لئے علمائے کرام سے مدد لی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائیٹس بی اور سی اور ایچ آئی وی کا مرض خون آلود سرنجوں کے استعمال سے زیادہ پھیل رہا ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اللہ والے لوگوں سے ملنا اور انکی خدمت میری ہدایت کا باعث ہوگا۔ مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا اسعد عبیداللہ نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی وزیر صحت نے طلباء کو طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں مدارس کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کو جامعہ اشرفیہ کی جانب سے تحائف پیش کیے گئے۔بعدازاں صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے ڈی جی پی آر کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل روبینہ افضل اور دیگر افسران نے صوبائی وزیر صحت کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ڈی جی پی آر حکومت پنجاب کے عوامی بہبود کے منصوبوں کی نشرو اشاعت بہتر انداز سے کررہا ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا کہ محکمہ صحت تمام اضلاع میں صحافیوں کی ایچ آئی وی اور ہیپاٹائیٹس کی سکریننگ کے لئے میڈیکل کیمپ لگائیں گے جہاں صحافیوں کی سکریننگ ، مفت ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صحت و تعلیم کے شعبے وزیر اعلیٰ کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں ۔بعدازاں صوبائی وزیر صحت کے ساتھ ڈی جی پی آر کے افسران نے گروپ فوٹو بنوایا۔