100 ملین کی رقم ترکیہ اور زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے شہریوں نے کولیکشن سنٹرز پر جمع کروائی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے
پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات سے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے کراس چیک یا پے آرڈر ہی وصول کر رہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ انسانی خدمت کے جذبے اور اسلامی بھائی چارے کو فروغ دینا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے ، ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی دل کھول کر امداد کی ہے
لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی فلائیٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 100 ملین کی کثیر رقم جمع کرکے وزیر اعظم پاکستان کے اکاؤنٹ برائے زلزلہ متاثرین ترکیہ و شام میں جمع کروا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ رقم پنجاب کے شہریوں کی جانب سے پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں قائم کیے جانے والے کولیکشن سنٹرز پر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے شہریوں سے بطور امداد وصول کی گئی ہے ، کولیکشن سنٹرز پر زلزلہ متاثرین کے لیے خیمے ، کمبل ، گرم ملبوسات ، فوڈ ہیمپر ، ضروری ادویات سمیت دیگر غیر استعمال شدہ سامان بطور عطیات وصول کیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات سے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے کراس چیک یا پے آرڈر ہی وصول کر رہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ انسانی خدمت کے جذبے اور اسلامی بھائی چارے کو فروغ دینا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے ، ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی دل کھول کر امداد کی ہے اب پاکستانی قوم بھی کٹھن وقت میں ترکیہ اور شام کا بھر پور ساتھ دے کر بحالی میں کردار ادا کرے ، شدید سردی میں بے گھر افراد کو ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے شہریوں اور مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ہمیں بڑھ چڑھ کر ان کی مدد کرنی ہے انہوں نے کہا کہ شہری امدادی رقم وزیر اعظم پاکستان کے اکاؤنٹ برائے زلزلہ متاثرین ترکیہ و شام میں جمع کروا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے پی ڈی ایم اے کے بیٹ رپورٹرز سے تعارفی ملاقات کے دوران کیا ، صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل جاری ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے 56000 ہزار سیلاب زدہ گھرانوں میں سے 52000 ہزار سے زائد سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کو بحالی کے لیے رقوم کی تقسیم کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 4000 سیلاب سے متاثرہ گھرانوں میں رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ارلی وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنائے گا اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے ، پی ڈی ایم اے کے پراونشل کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو مزید فعال کیا جائے گا ، صحافی برادری نے عمران قریشی بطور ڈی جی پی ڈی ایم اے تعیناتی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں ڈائریکٹر کوارڈینیشن توقیر محمود وٹو ، پی آر او محمد تصور چوہدری ، سدھیر چوہدری، شبیر حیدر ، نواز سنگرا ، آصف محمود ، افضال طالب ،عامر بٹ سمیت دیگر بھی شریک تھے۔