
انٹرٹینمینٹ
سری دیوی کی پانچویں برسی، پُراسرار موت کی تحقیقات کیوں روکی گئیں؟
اداکارہ دبئی کے جمیرا ایمریٹس ٹاورز ہوٹل میں مردہ پائی گئیں جس کے بعد اُن کی موت کے حوالے سے کئی سوالات اٹھے۔
پانچ برس قبل 24 فروری 2018 کو اداکارہ سری دیوی کی دبئی میں پراسرار موت نے انڈیا بالخصوص بالی وُڈ کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔
اداکارہ دبئی کے جمیرا ایمریٹس ٹاورز ہوٹل میں مردہ پائی گئیں جس کے بعد اُن کی موت کے حوالے سے کئی سوالات اٹھے۔
اُن کی موت کے بعد عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور تحفظات کا اظہار کیا گیا جن میں سب سے اہم سوال یہ تھا کہ آیا سری دیوی کی موت ایک طبعی تھی یا انہیں قتل کیا گیا؟
سری دیوی کی موت کب اور کہاں ہوئی؟
لیجنڈری انڈین اداکارہ 20 فروری 2018 کو اپنی سب سے چھوٹی بیٹی خوشی کے ساتھ اپنے بھتیجے موہت مروہ کی شادی میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات گئیں۔
شادی کے بعد اُنہوں نے اپنی بیٹی جھانوی کپور کی سالگرہ کے لیے شاپنگ کی غرض سے کچھ روز مزید دبئی میں رکنے کا فیصلہ کیا۔
اس سفر میں ان کے ساتھ ان کے شوہر بونی کپور موجود نہیں تھے تاہم بونی کپور نے 24 فروری کو اپنی اہلیہ کو سرپرائز دینے کا سوچتے ہوئے دبئی جانے کا فیصلہ کیا۔
بونی کپور کے مطابق ’وہ دبئی کے جیمرا ایمریٹس ٹاورز ہوٹل کے کمرہ نمبر 2201 پہنچے جہاں اُن کی اہلیہ رہائش پذیر تھیں۔ انہوں نے وہاں 30 منٹ ملاقات کی اور پھر ڈِنر کے لیے تیار ہونے لگے۔‘
’ڈِنر کے لیے تیاری کے سلسلے میں سری دیوی باتھ رُوم نہانے گئیں اور پھر وہیں ان کی باتھ ٹب میں موت ہو گئی۔‘
سری دیوی کی موت کی خبر انڈین میڈیا کو سب سے پہلے اُن کے دیور سنجے کپور نے دی اور یہ بتایا کہ ’ان کی موت دل کے دورے کے باعث ہوئی ہے۔‘
اس کے بعد یہ کیس دبئی پولیس نے دبئی پبلک پراسیکیوشن کو بھیجا جہاں فرانزک رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ’سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی ہے۔‘
