
ریونیو ملازمین میری طاقت ہیں،ان کا خیال رکھنا میری ذمہ داری ہے
انہوں نے سیکرٹری ریونیو کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی اپ گریڈیشن اور پروموشن کے معاملات کو فی الفور نمٹایا جائے اور ریونیو ملازمین کو سیکرٹریٹ ملازمین کی طرز پر تمام سہولیات میسر کریں گے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیرصدارت ریونیو کوارڈینیشن کونسل پنجاب کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری ریونیو مہر شفقت اللہ مشتاق ، چیئرمین ریونیو کوارڈینیشن کونسل ضیاءاللہ خان نیازی، محمد اظہر جنرل سیکرٹری سمیت دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ریونیو کوارڈینیشن کونسل کے نمائندوں نے ایس ایم بی آر کو ملازمین کے مطالبات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ریونیو الاونس ، سرکاری رہائشوں کی الاٹمنٹ پالیسی ، ٹرانسپورٹ پاسز سمیت دیگر مطالبات زیر بحث آئے۔
سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو ملازمین میری طاقت ہیں،ان کا خیال رکھنا میری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے سیکرٹری ریونیو کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی اپ گریڈیشن اور پروموشن کے معاملات کو فی الفور نمٹایا جائے اور ریونیو ملازمین کو سیکرٹریٹ ملازمین کی طرز پر تمام سہولیات میسر کریں گے۔انہوں نے چیئرمین ریونیو کوارڈینیشن کونسل ضیاءاللہ خان نیازی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملازمین کے مسائل بارے اچھی تجاویز پیش کیں ہیں، جلد ورکنگ پیپر تیار کرکے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین دلجمی سے کام کریں ، ہم سب نے مل کر ملک و قوم کی خدمت اور ترقی کے لئے کام کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے زیادتی اور کرپشن میں ملوث افسران و ملازمین کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں