لیسکو کے تمام سرکلز میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کسٹمر سروسز سینٹرز بنائے جائیں گے۔ چیئرمین حافظ محمد نعمان
تاکہ صارفین کو ایک ہی چھت تلے بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ چیئرمین حافظ میاں محمد نعمان نے یہ بات آج لیسکو کے سینٹرل سرکل میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کہی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان کا کہنا ہے کہ لیسکو صارفین کے مسائل کا فوری ازالہ ہی ان کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد ہے اور اسی حوالے سے ہم لیسکو کے تمام سرکلز میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کسٹمر سروسز سینٹرز بنارہے ہیں تاکہ صارفین کو ایک ہی چھت تلے بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ چیئرمین حافظ میاں محمد نعمان نے یہ بات آج لیسکو کے سینٹرل سرکل میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کہی۔ لیسکو آفیسرز کلب میں منعقد ہونے والی اس کچہری میں سرکل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے صارفین کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔لیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد حیدر، چیف انجینئراو اینڈ ایم (ڈسٹری بیوشن) طاہر مئیو، کسٹمر سروسز ڈائریکٹررائے اصغر،کنسلٹنٹ پبلک ریلیشنز افشاں مدثر، سپرٹینڈنگ انجینئر سینٹرل سرکل محمد رشید سمیت سرکلز کے تمام ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز نے شرکت کی۔ چیئرمین بی اوڈی کا کہنا تھا کہ ان کھلی کچہریوں کے انعقاد کے ذریعے ہم عوام کو اس بات کا پیغام دینا چاہتے ہیں کہ لیسکو افسران کے دروازے ان کے لئے کھلے ہیں اور ان کے بجلی سے متعلق تمام مسائل کا حل ہی لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا لیسکو میں مٹیریل کی قلت کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ چیف ایگزیکٹو شاہد حیدر کی خصوصی ہدایت پر ریجن بھر میں ترقیاتی اور مرمتی کاموں کو رمضان المبارک سے قبل مکمل کیا جائے گا اور رمضان المبارک میں شٹ ڈاؤن نہیں ہوں گی۔حافظ میاں محمد نعمان اور چیف ایگزیکٹو لیسکو شاہد حیدر نے کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے اور خراب میٹرز کی شکایات پر فوری میٹر تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے تمام ایس ڈی اوز کو سختی سے تنبیہ کی کسی صارف کو انتظار کروانا ناانصافی اور نااہلی ہے اور آئندہ اگر اس بابت کسی بھی آفیسر کی شکایت سامنے آئی تو اسے آپریشن سرکل سے نکال دیا جائے گا۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان نے بہترین انداز میں کھلی کچہری منعقد کرنے پر سپرٹینڈنگ انجینئر محمد رشید کی کاوشوں کو سراہا۔