حامد حسن، عمر گُل کی جگہ افغان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق حامد حسن بطور بولنگ کوچ رواں ماہ شارجہ میں شیڈول پاکستان اور افغانستان کی ٹی20 سیریز سے ایک سال تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر حامد حسن کو قومی ٹیم کا نیا بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق حامد حسن بطور بولنگ کوچ رواں ماہ شارجہ میں شیڈول پاکستان اور افغانستان کی ٹی20 سیریز سے ایک سال تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
حامد حسن کو پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل کی جگہ اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
عمر گل کا افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) سے معاہدہ گذشتہ سال ختم ہو گیا تھا، تاہم بورڈ نے صرف ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ اور فیلڈنگ کوچ رائن میرن کے کنٹریکٹ میں توسیع کی ہے۔
اے سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق حامد حسن کہتے ہیں کہ ’گذشتہ دو سے تین دہائیوں میں کرکٹ میری زندگی رہی ہے بلکہ یہ وہ چیز ہے جو ساری عمر سے ہی میرا جنون تھی۔‘
’اس کھیل سے جسے میں نے سب سے زیادہ پیار کیا ہے ریٹائر ہونا میرے لیے بہت مشکل فیصلہ تھا تاہم میں یہ اپنے ملک اور ٹیم کے لیے کر رہا ہوں۔‘
اپنے کوچنگ کیریئر کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ ’میں اپنے فاسٹ بولرز کے گروپ کو قریب سے دیکھ رہا ہوں اور میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہوں کہ میں اس گروپ کو اپنے سپن ڈیپارٹمنٹ سے بھی مضبوط بناؤں۔‘
حسن حامد کا شمار ان افغان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن کی کارکردگی کی وجہ سے افغان ٹیم دنیائے کرکٹ کے نقشے پر اُبھری۔
انہوں نے افغانستان کے لیے 38 ون ڈے اور 25 ٹی20 میچز کھیلتے ہوئے بالترتیب 59 اور 35 وکٹیں حاصل کیں۔
35 سالہ سابق فاسٹ بولر نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2021 میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابو ظبی میں کھیلا تھا۔
دوسری جانب پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 25 مارچ سے ہوگا۔
افغان ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ شارجہ میں پاکستان کی میزبانی 25، 27 اور 29 مارچ کو کرے گی۔