لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو زمان پارک میں آپریشن سے روک دیا.لاہور ہائی کورٹ میں زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالتی حکم پر چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ ’اگر ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے تک آپریشن روک دیں تو کوئی اعتراض ہے؟‘
جس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ ’ہم عدالت کے ہر حکم پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔‘
جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ آپریشن فوری روک دیا جائے جس پر آئی جی پنجاب نے موقف اپنایا کہ ’ہم نے مختلف اضلاع سے فورس لگائی ہے۔‘
عدالت نے آئی جی پنجاب کو کہا کہ ’اگر آپ 200 فٹ پیچھے ہوجائیں گے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
عدالت نے جمعرات کی صبح دس بجے تک پولیس آپریشن روکنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ پولیس مال روڈ، کنال پل ، دھرم پورہ تک محدود رہے گی۔ ’ہم نے سیز فائر کروایا ہے حتمی فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا ہو گا۔‘