
مریضوں کی سکریننگ و ٹیسٹنگ کے بعد علاج معالجہ کا بہترین میکنزم بنایا جا سکے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 43 جیلوں میں 52000 قیدیوں کی سکریننگ کی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ہفتہ صحت کے دوران 4 لاکھ مریضوں کی سکریننگ و ٹیسٹنگ کرکے علاج معالجہ کے بہترین پروٹوکولز طے کرنے میں مدد ملے گی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 43 جیلوں میں 52000 قیدیوں کی سکریننگ کی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ہفتہ صحت کے دوران 4 لاکھ مریضوں کی سکریننگ و ٹیسٹنگ کرکے علاج معالجہ کے بہترین پروٹوکولز طے کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال لاہور میں ہیلتھ ویک کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرجمال ناصر نے میاں میر اور غازی آباد ہسپتالوں میں جاکر سکریننگ کیمپوں میں جاری سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، ہسپتالوں کی کارکردگی باقاعدگی سے مانیٹر کی جارہی ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 26 ڈی ایچ کیو، 125 ٹی ایچ کیو ہسپتالوں، 108 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 36 بنیادی مراکز صحت میں تین لاکھ افراد کی میڈیکل سکریننگ کی جاچکی ہے۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر یداللہ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد تمام ہسپتالوں میں ہفتہ صحت منایا جائے گا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ شہری کسی بھی ہسپتال سے متعلق شکایت 1033 ہیلپ لائن پر درج کروائیں، فوری ایکشن لیکر انکو مطلع کریں گے۔صوبائی وزیر صحت کی جانب سے دونوں ہسپتالوں میں سکریننگ کیمپوں کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ ایم ایس صاحبان ڈاکٹر زبیر اور ڈاکٹر اختر گجر نے میڈیکل سکریننگ کیمپوں میں دستیاب طبی سہولیات سے صوبائی وزیر صحت کو آگاہ کیا۔