اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

لاہور ہائی کورٹ: عمران خان کی پانچ مقدمات میں حفاظتی ضمانت 27 مارچ تک منظور

اس سے قبل عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کو بتایا کہ ’ان کی زندگی خطرے میں ہے اور جو ان کے ساتھ ہو رہا ہے وہ انتہائی غیر معمولی صورت حال ہے۔‘

لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی پانچ مقدمات میں حفاظتی ضمانت 27 مارچ تک منظور کر لی ہے۔
عدالت نے عمران خان کو ہدایت کی وہ 27 مارچ کو متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔
اس سے قبل عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کو بتایا کہ ’ان کی زندگی خطرے میں ہے اور جو ان کے ساتھ ہو رہا ہے وہ انتہائی غیر معمولی صورت حال ہے۔‘
جمعے کو لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پانچ مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس میں عمران خان اپنے وکیل کے ہمراہ خود بھی پیش ہوئے۔
عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ 18 مارچ کو اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے لیے جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تو اس دوران پتھراؤ کیا گیا اور شیلنگ کی، ان کی زندگی خطرے میں تھی لیکن تمام کوششوں کے باوجود وہ متعلقہ عدالت نہیں پہنچ سکے۔
سابق وزیراعظم نے کہا ’عدالت کہے گی تو آپ کو ویڈیوز دکھا دیں گے۔ اسلام آباد سے واپس آیا تو مزید دہشتگردی کے مقدمے بن گئے۔‘
عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ ان پر دہشتگردی کے 40 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
عمران خان نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسلام آباد ٹول پلازہ سے عدالت پہنچنے میں کافی وقت لگا اور ’اتنی پولیس اور ایف سی لگا دی کہ پتا نہیں جیسے کوئی مجرم آ رہا ہے۔‘
’پتھراؤ کیا جا رہا تھا اور شیل برسائے جا رہے تھے میری جان خطرے میں تھی۔ تو پھر ہم واپس آ گئے۔‘
انہوں نے عدالت سے کہا کہ ’اگر آپ ویڈیو دیکھیں تو میں چالیس منٹ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کھڑا رہا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔
نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان کے خلاف نیب میں دو کیسز ہیں جن کی نیب راولپنڈی تحقیقات کر رہا ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کے تحائف اور اختیارات سے تجاوز کے معاملے کی انکوائری جاری ہے۔ اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے مالی فوائد لینے اور ریکارڈ چُھپانے کے معاملے پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔‘
نیب کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ‘سابق وزیراعظم کے خلاف دونوں کیسز انکوائری سٹیج پر ہیں، کال آپ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ نیب راولپنڈی کے علاوہ پاکستان میں کہیں بھی عمران خان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔‘
نیب نے لاہور ہائی کورٹ سے عمران خان کی درخواست نمٹانے کی استدعا کی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد سیشن کورٹ نے خاتون جج کے خلاف دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کردیا ہے۔
اس سے قبل سول جج رانا مجاہد رحیم نے مسلسل عدم پیشی پر 29 مارچ کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے جنہیں عمران خان نے سیشن کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد کے جج فیضان حیدر گیلانی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کی وارنٹ منسوخی کی درخواست کو ہدایات کے ساتھ نمٹا دیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button