کھیل

پہلا ٹی20: افغانستان کے خلاف آج کون سے چار پاکستانی کھلاڑی ڈیبیو کریں گے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اوپنر صائم ایوب، مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہر، فاسٹ بولرز احسان اللہ اور زمان خان قومی ٹیم کی جانب سے اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
پہلے ٹی20 میچ سے قبل پاکستان ٹیم نے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے پہلے میچ میں چار کھلاڑی اپنا ڈیبیو کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اوپنر صائم ایوب، مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہر، فاسٹ بولرز احسان اللہ اور زمان خان قومی ٹیم کی جانب سے اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔
عبد اللہ شفیق، فہیم اشرف، عماد وسیم اور اعظم خان کی بھی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
اِن آٹھ کھلاڑیوں کو اس ٹی20 سیریز کے 15 رُکنی سکواڈ میں رواں ماہ اختتام پذیر ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن میں عمدہ کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا ہے۔
اس سیریز کے لیے پی سی بی نے بابر اعظم، محمد رضوان، حارث رؤف، فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ٹیم کی کپتانی آل راؤںڈر شاداب خان کریں گے۔
اگر گذشتہ مقابلوں کی بات کی جائے تو پاکستان اور افغانستان آپس میں تین ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں جس میں تینوں بار پاکستان ہی کامیاب ہوا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ گذشتہ سال شارجہ میں ایشیا کپ کے دوران کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دونوں ممالک کے درمیان پہلا میچ بھی 2013 میں شارجہ میں ہی کھیلا گیا تھا جس میں گرین شرٹس نے 6 وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ابھی تک تمام ٹی20 میچز یو اے ای میں ہی کھیلے گئے ہیں جبکہ یہ ٹی20 سیریز بھی دونوں ممالک میں پہلی باہمی کرکٹ سیریز ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلا ٹی20 میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون:
صائم ایوب، محمد حارث، عبد اللہ شفیق، طیب طاہر، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، فہیم اشرف، عماد وسیم، نسیم شاہ، زمان خان، احسان اللہ۔
افغانستان کا سکواڈ:
راشد خان (کپتان)، رحمان اللہ گُرباز (وکٹ کیپر)، ابراہیم زدران، عثمان غنی، صدیق اللہ اتل، نجیب اللہ زدران اور افسر ززئی شامل ہیں۔
کریم جنت، محمد نبی، عظمت اللہ عمر زئی، گلبدین نائب، شرف الدین اشرف، نور احمد، مجیب الرحمان، فرید احمد، فضل حق فاروقی، نوین الحق بھی افغان سکواڈ کا حصہ ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button