
انٹی کرپشن نے جاوید اقبال وڑائچ سابقہ ایم این اے کو طلبی کا آخری نوٹس جاری کردیا، ترجمان محکمہ انٹی کرپشن پنجاب
27 مارچ کو اگر وہ انٹی کرپشن میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی - انہو ں نے مزید کہاکہ جاوید اقبال وڑائچ نے اربوں روپے مالیت کے دو پلازے بشیر مال اور فسٹ سٹیپ مال کے نام سے غیر قانونی طور پر تعمیر کروائے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): تحریک انصاف کے ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ، صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک، علمدار حسین قریشی اور فیصل نیازی کے خلاف انٹی کرپشن پنجاب ان ایکشن -ترجمان محکمہ انٹی کرپشن پنجاب نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ کو انٹی کرپشن پنجاب نے 24 مارچ کو طلب کیا تھا مگر وہ پیش نہ ہوئے – ترجمان نے بتایاکہ انٹی کرپشن نے جاوید اقبال وڑائچ سابقہ ایم این اے کو طلبی کا آخری نوٹس جاری کردیاہے اور 27 مارچ کو اگر وہ انٹی کرپشن میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی – انہو ں نے مزید کہاکہ جاوید اقبال وڑائچ نے اربوں روپے مالیت کے دو پلازے بشیر مال اور فسٹ سٹیپ مال کے نام سے غیر قانونی طور پر تعمیر کروائے -اس کے ساتھ ساتھ بشیر گارڈن، رائل سٹی اور دی پرل سٹی ہاؤسنگ سکیمیں بھی غیر قانونی طورپر منظور کرواکرکے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا – ترجمان نے مزید بتایاکہ تحریک انصاف کے ممبرنیشنل اسمبلی جاوید اقبال وڑائچ المختار پٹرول پمپ میں حصہ دار ہے اور بلدیہ فیصل آباد کو پٹرول کی فراہمی مذکورہ پٹرول پمپ سے ہوتی ہے اور جس میں وسیع پیمانے پر پٹرول کی خوردبرو کرکے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچایاجاتا ہے-ترجمان نے مزید کہاکہ سابق ایم این اے تمام کرپشن بلدیہ فیصل آباد کے چیف افسر عظمت گورایہ کی ملی بھگت سے کرتا ہے -ترجمان نے کہاکہ انٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیر حسنین بہادر دریشک کو بھی 30 مارچ کو طلب کیاہے -حسنین بہادر دریشک نے سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کیاہواہے اور قیمتی سرکاری زمین پر اپنا گھر بھی تعمیر کیاہواہے -ترجمان نے مزید بتایاکہ تحریک انصاف کے ایم پی اے علمدار حسین قریشی کو بھی 27 مارچ کو طلب کیاہے – علمدار حسین قریشی نے محکمہ ریونیو کی ملی بھگت سے جعل سازی کرکے محکمہ انہار کی اراضی پر قبضہ کیاہے اور سرکاری رقبے کے کلع او رخسرہ نمبروں کو تبدیل کرکے سرکاری اراضی کا فرنٹ پٹرول پمپ لگانے کیلئے کروڑوں روپے میں فروخت کردیاہے –