
پولیس تحفظ مرکز کی افادیت کے پیش نظر ان سہولیات کا دائرہ کار لاہور کے دیگر تمام پولیس خدمت سنٹرز تک بڑھایا جائے گا، سربراہ لاہور پولیس
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پولیس تحفظ مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر نے سی سی پی او لاہور کو تحفظ مرکز کی ورکنگ اور مقاصد بارے آگاہ کیا۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے آج پولیس تحفظ اینڈ خدمت مرکز لبرٹی چوک گلبرگ کا دورہ کیا۔ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر،ایس ایس پی ایلیٹ ندا عمر چٹھہ،ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر عمارہ شیرازی، ایس پی عقیلہ نیاز نقوی،اے ایس پیز گلبرگ شہر بانو،اے ایس پی چوہنگ سدرہ خان، ٹرانسجینڈرز سٹاف اور متعلقہ پولیس افسران بھی ان کےہمراہ تھا۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پولیس تحفظ مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر نے سی سی پی او لاہور کو تحفظ مرکز کی ورکنگ اور مقاصد بارے آگاہ کیا۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس تحفظ مرکز ٹرانسجینڈرز کمیونٹی،صنفی امتیاز،معاشرتی عدم توجہ، تشدد کا شکار بے گھر،بے سہارا افراد اور گھریلو ملازمین کو مکمل تحفظ اور معاونت فراہم کر رہا ہے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ پولیس تحفظ مرکز کی افادیت کے پیش نظر ان سہولیات کا دائرہ کار لاہور کے دیگر تمام پولیس خدمت سنٹرز تک بڑھایا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس تحفظ مرکز اگرچہ ابتدائی طور پر صرف تشدد اور استحصال کا شکار ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کی مدد اور تحفظ کے لیے قائم کئے گئے تھے تاہم اب ذہنی معذوری کا شکار سپیشل افراد،نشے و سماجی برائیوں کے دلدل میں پھنسے کم عمر بچوں، تشدد، استحصال،جنسی تعصب اور منفی رویوں کا شکار خواتین اور مردوں کو بھی بھرپور مدد فراہم کر رہا ہے۔تحفظ مراکز دائرہ کار بڑھنے کے بعد کنیکٹنگ سنٹرز کے طور پر کام کر رہے ہیں جو بے سہارا معاشرتی عدم توجہ اور تشدد کا شکار بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو،نشہ اور ذہنی معذوری کے شکار افراد کو مینٹل ہسپتال، گھریلو ملازمین خصوصاً خواتین کو سرکاری اداروں اور این جی آوز تک پہنچاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس تحفظ مراکز کینکٹنگ فورس کا کام کر رہے ہیں جو سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے تعاون سے متاثرہ افراد کی فی الفور مدد، تحفظ اور راہنمائی یقینی بنا رہے ہیں۔سی سی پی او نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے متعلقہ افسران ٹرانسجینڈر کمیونٹی،انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے اداروں اور این جی اوز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جن کی باہمی مشاورت اور تعاون سے ٹرانسجینڈر کے معاشی استحصال،باہمی خریدو فروخت،سماجی مشکلات، معاشرتی علوم توجہ کا شکار بچوں، خواتین اور بے کس و نادار افراد کے مسائل کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔