
پی ڈی ایم کی جانب سے ڈیش بورڈ کی تیاری کے بعد سانس ایپ کے ٹیسٹ رن کا آغاز کر دیا گیا
ڈائریکٹر کوارڈینیشن توقیر وٹو اور ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے شایان علی کی زیر صدارت سموگ کی روک تھام اور سانس ایپ کی الاونچنگ بارے کمیٹی روم میں اجلاس
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈائریکٹر کوارڈینیشن پی ڈی ایم اے توقیر محمود وٹو نے کہا ہے کہ معزز ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں سموگ سے متعلق شکایات کے لیے ” سانس ” ایپ تیار کر لی گئی ہے اور پی ڈی ایم کی جانب سے ڈیش بورڈ کی تیاری کے بعد سانس ایپ کے ٹیسٹ رن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے اور سانس ایپ کے استعمال بارے متعلقہ اداروں کو ٹریننگ کروانے کا عمل بھی جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر کوارڈینیشن توقیر محمود وٹو نے سموگ کی روک تھام اور سانس ایپ کی الاونچنگ بارے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے شایان علی جاوا، ٹریفک پولیس ، ٹرانسپورٹ، ایم سی ایل ،زراعت ،انڈسٹری، لوکل گورنمنٹ ،پی ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی احلا میں شریک تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے شایان علی جاوا نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایپ کو لاگ ان کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پاس ورڈ دیے جا چکے ہیں اور سانس ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کو متعلقہ اداروں تک بروقت بجھوایا جائے گا جن کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گئے اور شکایت کرنے والے شہریوں کو بھی شکایت کے پراسس بارے آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ رن کے دوران آنے والی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے بعد سانس ایپلیکیشن جلد عوام کے لیے دستیاب ہو گی۔