مشرق وسطیٰ

بابا گورو نانک دیو جی کی 485ویں برسی( جوتی جوت )کی دو روزہ تقریبات کا اختتام

صوبائی وزیر اقلیتی امور / پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت

لاہور(نمائندہ خصوصی): کرتار پور میں بابا گورو نانک دیو جی کی 485ویں برسی (جوتی جوت) کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ ان تقریبات کا آخری دن بھوگ اکھنڈ پاٹھ کے ساتھ گوردوارہ سری دربار صاحب کرتار پور میں منایا گیا، جس میں پاکستان اور بھارت سے آئے ہوئی سکھ برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں خصوصی طور پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن، اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) کے انچارج ایڈیشنل سیکرٹری شرائن سیف اللہ کھوکھر کے ہمراہ شرکت کی۔
تقریبات کے دوران نگر کیرتن کا جلوس نکالا گیا، جو گوردوارہ دربار صاحب سے شروع ہو کر پاک بھارت سرحد کے زیرو لائن تک لے جایا گیا۔ اس موقع پر بابا گورو نانک دیو جی کے ساتھی بھائی مردانہ کے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔
تقریب میں کھیتی صاحب کے تحت مختلف سبزیوں کے بیج اور پھل دار پودے لگا کر کاشت کا آغاز کیا گیا، اور کھجوروں کی فصل سے چھوہارہ پرساد تقسیم کیا گیا جبکہ پاکستانی سکھ برادری اور PSGPC کے ممبران نے اس اہم تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر سکھ برادری کو جوتی جوت کی تقریبات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی کی تعلیمات انسانیت، محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہیں۔ کرتار پور راہداری دونوں ممالک کے سکھ یاتریوں کے لیے ایک مقدس مقام ہے اور ہم اسے بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ ہر یاتری کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دعا گو ہوں کہ یہ تقریبات ہماری زندگیوں میں امن، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام لائیں۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن نے کہا کہ حکومت پاکستان نے سکھ مسلم دوستی کی عمدہ مثال قائم کی ہے، اور کرتار پور راہداری دنیا بھر کی سکھ قوم کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس مقدس مقام کو مزید خوبصورت اور سہولیات سے آراستہ بنایا جائے۔
آخر میں، یاتریوں کو بابا گورو نانک دیو جی کے نام سے لگائے گئے ‘بابا جی کے باغ’ میں اگائے گئے پھلوں کا پرساد بھی تقسیم کیا گیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button