
عوامی تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی اقدامات پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ڈاکٹرجاوید اکرم
انہوں نے مریضوں سے علاج و معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے عزیز و اقارب سے بھی ہسپتال میں طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔صوبائی وزیر نے ہولی فیملی میں گائنی ایمرجنسی بلاک کے جاری تعمیری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی
لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹرجاوید اکرم نے ہولی فیملی ہسپتال’ بینظیر بھٹو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر اور تینوں ہسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹس بھی موجود تھے۔انہوں نے راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈ’ٹرائی ایج روم’ او پی ڈی’ لیور سنٹر’ ایمرجنسی’ میڈیسن کلینک’ چلڈرن وارڈ ‘ گائنی ایمرجنسی اور سرجیکل وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے علاج و معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے عزیز و اقارب سے بھی ہسپتال میں طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔صوبائی وزیر نے ہولی فیملی میں گائنی ایمرجنسی بلاک کے جاری تعمیری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی بہترین سہولیات فرایم کرنے کے لہے کوشاں ہیں۔ صوبائی حکومت صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مستعدی سے کام کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس گذشتہ برسوں کی نسبت ڈینگی کے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اس سال معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں ہیں مگر احتیاطی تدابیر اپنانے کی وجہ سے ڈینگی سے متاثرہ افراد کی صورت حال قابو میں رہی۔بارشوں کی وجہ سے ابھی بھی ہر سطح پر سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔عوامی تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی اقدامات کر یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاوید اکرم کا مزید کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد کرایا جارہا ہے۔ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔ڈینگی وبا پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیمیں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انسداد ڈینگی اقدامات کے سلسلے میں محکمہ صحت کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔صوبائی وزیر نے صفائی کے معیار کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں فیلڈ ٹیموں کو انسداد ڈینگی اقدامات کے سلسلے میں سرویلنس سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام سے کہا کہ صحت سہولت کاؤنٹر کی طرح بیت المال سے استفادہ ہونے والے افراد کے لیے معلوماتی ڈیسک بنایا جائے جہاں میڈیکل سوشل ویلفئیر افسران مریضوں کو گائیڈ لائن دینے کے لیے موجود رہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔