مشرق وسطیٰ

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے ہیلتھ ویلفیئر فنڈز کو 20 گنا سے بڑھا کر 30 گنا کر دیا

فورس کے نام جاری ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پولیس ملازمین کے ہیلتھ ویلفیئر فنڈز کو 20 گنا سے بڑھا کر 30 گنا کر دیا گیا ہے اور اس وقت پولیس افسران اور ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر پر ماضی کی نسبت دو ہزار فیصد زیادہ خرچ کئے جا رہے ہیں

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی) : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں اور اسی حوالے سے آئی جی پنجاب نے خصوصی پیغام جاری کر دیا ہے۔ فورس کے نام جاری ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پولیس ملازمین کے ہیلتھ ویلفیئر فنڈز کو 20 گنا سے بڑھا کر 30 گنا کر دیا گیا ہے اور اس وقت پولیس افسران اور ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر پر ماضی کی نسبت دو ہزار فیصد زیادہ خرچ کئے جا رہے ہیں،آئی جی پنجاب نے کہا کہ مختلف پراجیکٹس سے حاصل آمدن کے ذریعے سپاہ کی ویلفیئر پر 140 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ رواں برس بہتر پراجیکٹ انویسٹمنٹ کے ذریعے انشااللہ 200 کروڑ روپے سے زائد آمدنی حاصل ہو گی اور اگلے سال پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر پر پہلے سے زیادہ فنڈز صرف کئے جائیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ بالخصوص بچوں کی ویلفیئر ہماری ذمہ داری ہے اس لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پٹرول پمپس، زمینوں دیگر وسائل سے حاصل آمدن کو بہتر مینجمنٹ اور سرمایہ کاری سے کئی گنا بڑھایا گیا ہےاور زائد آمدن کو پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہیلتھ ویلفیئر پالیسی کے تحت تمام کانسٹیبلز اور اہل خانہ کی مرحلہ وار سکریننگ کر رہے ہیں اور دوران سکریننگ رزلٹس سے پتہ چلا ہے کہ 05 ہزار ملازمین ایسی بیماریاں کا شکار ہیں جن کا انہیں علم نہیں تھا،آئی جی پنجاب نے کہا کہ ان بیماریوں سے ملازمین کے دل ،جگر،گردے، دیگر اہم اعضاء متاثر و خراب ہو رہے تھے لیکن اب ادارہ ان بیماریوں کا شکار تمام ملازمین کا علاج بھی کروائے گا ،سنگین ہونے سے پہلے ان کا تدارک بھی ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ اگلے مرحلے پر ملازمین کے اہل خانہ اور بچوں کی سکریننگ شروع ہوگی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ان تمام اقدامات کے بدلے میں محکمہ آپ سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بے لوث خدمت کا متقاضی ہے لہذا پوری فورس مظلوموں کے دست و بازو بن کر ظالموں ، چوروں، ڈکیتوں ، منشیات فروشوں کو قانون کی گرفت میں لائیں ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ لوگوں کو انصاف کی باآسانی فراہمی یقینی بنا کر پاکستان کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنائیں ۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید کے26ویں یوم شہادت پر انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید جیسے بہادر اور فرض شناس افسران پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید نے فرائض کی بہترین ادائیگی اور قائدانہ صلاحیتوں سے دوران سروس منفرد مقام حاصل کیا ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید جیسے بہادر شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید کو 6 مئی 1997 کی صبح گوجرانولہ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا ۔ ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید کی شہادت کے بعد گوجرانوالہ پولیس لائنز کا نام ان سے منسوب کر دیا گیا۔ پنجاب پولیس گوجرانوالہ نے ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید کا چھبیسواں یوم شہادت روایتی انداز میں مناتے ہوئے انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button