
فواد چودھری نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کردی، دو دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور
9 مئی کو جو واقعات پیش آئے اس پر ہر پاکستانی رنجیدہ ہے اور یہ واقعات قابل شرم ہیں۔‘ واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ طور پر ان کی مذمت کی ہے
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ’میں پی ٹی آئی کے ترجمان کی حیثیت سے سمجھتا ہوں کہ 9 مئی کے واقعات شرم ناک ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’9 مئی کو جو واقعات پیش آئے اس پر ہر پاکستانی رنجیدہ ہے اور یہ واقعات قابل شرم ہیں۔‘ واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ طور پر ان کی مذمت کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔‘ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔‘ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ان واقعات میں جو بھی ملوث ہے چاہے وہ پی ٹی آئی سے ہو یا نہ ہو اسے سزا ملنی چاہیے۔‘
فواد چوہدری کی دو دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو فواد چوہدری کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چودھری کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دیے کہ ایڈووکیٹ جنرل سے مقدمات کی تفصیل کا پوچھا تھا۔
’ایڈووکیٹ جنرل نے فواد چودھری کے خلاف دو مقدمات کا بتایا تھا۔ تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کو غیر قانونی ڈیکلیر کیا گیا۔
عدالت نے دو دن کے لیے گرفتاری سے روک کر حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔