
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے 21 سٹیشن کوآرڈینیٹرزکو تحصیل ریسکیو و سیفٹی افسران کے عہدے پر ترقی دے دی
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ترقی پانے والے تمام افسران کو مبارکباد دی اور ریسکیو آپریشنز اور پنجاب کے شہریوں کی سیفٹی اورایمرجنسی میں فوری مدد کیلئے مذکورہ افیسرز کی شاندار خدمات کو سراہا
لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بی پی ایس 14 کے 21سٹیشن کوآرڈینیٹرز کو مستقل بنیادوں پربی پی ایس16 میں تحصیل ریسکیوو سیفٹی آفیسر کے عہدے پر ترقی دیدی۔ یہ فیصلہ محکمانہ پروموشن کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور ان افسران کو پنجاب میں تحصیل ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز کی خالی آسامیوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ترقی پانے والے تمام افسران کو مبارکباد دی اور ریسکیو آپریشنز اور پنجاب کے شہریوں کی سیفٹی اورایمرجنسی میں فوری مدد کیلئے مذکورہ افیسرز کی شاندار خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر رضوان نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی پروموشن نہ صرف ان کی ماضی کی کامیابیوں کا اعتراف ہے بلکہ ادارہ نے آفیسر پر نئی ذمہ داریوں ڈالی ہیں جن پہ ان سے بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔
مزید برآں ڈاکٹررضوان نصیر نے کہا کہ ان افسران کی پروموشن ایمرجنسی سروسز کے محکمے کے جاری عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ایمرجنسی سروسز کے ملازمین کی بہترین خدمات کو ان کے یکساں رینک میں تسلیم کیا جائے۔ اس اسٹریٹجک فیصلے کا مقصد پنجاب کی تمام تحصیلوں میں ایمرجنسی ریسپانس کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرنا اور متعلقہ کمیونٹی میں مجموعی طور پر سیفٹی کو فروغ دینا ہے۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ تحصیل ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز کی پروموشن کے بعد اب ہر آفیسر کی ذمہ داری ہے کہ ایمرجنسی رسپانس کی بہتری اور بلندوبالا عمارتوں میں بلڈنگ سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد، بلڈنگ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی سیفٹی ٹریننگ اور اپنی اپنی تحصیلوں کے تمام دیہاتوں میں کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں کے قیام میں کلیدی کردار اداکرنا ہے۔ ان کی ذمہ داریوں میں بروقت اورفوری ریسکیوسروسز کی فراہمی، کمیونٹی کی سطح پر سیفٹی کو فروغ دینا اور اپنی تحصیلوں میں افرادِ معاشرہ کو ہنگامی حالات سے نبردآزما ہونے کیلئے تربیت کے ذریعے ہردم تیار رکھنا ہے تاکہ وہ ایمرجنسی میں عوام کی مدد اورریسکیو سروسز کی معاونت کر سکیں۔