
معاشرہ کے تمام سٹیک ہولڈرز کو عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سر جوڑنے ہوں گے،نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم
پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کا تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کروانے کا بنیادی مقصد صرف اور صرف عوام میں آگاہی پھیلانا ہے۔پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن مختلف اہم موضوعات پر کانفرنسز کا انعقاد کر رہی ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مری کے مقامی ہوٹل میں پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے روز سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر، پروفیسر ڈاکٹر آفتاب محسن، پروفیسر ڈاکٹر صومیہ اقتدار، پروفیسر عزیز الرحمن، پروفیسر ڈاکٹر طارق وسیم، پروفیسر سجاد عبیداللہ اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے آئے ڈاکٹرز کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا عنوان ایویڈنس بیسڈ میڈیسن اپناؤ تھا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کا تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کروانے کا بنیادی مقصد صرف اور صرف عوام میں آگاہی پھیلانا ہے۔پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن مختلف اہم موضوعات پر کانفرنسز کا انعقاد کر رہی ہے۔ معاشرہ کے تمام سٹیک ہولڈرز کو عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سر جوڑنے ہوں گے۔ پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کئی سالوں سے صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان آبادی کے اعتبار سے اگلے بیس سال بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔ ہمیں عوام کو آبادی کے لحاظ سے صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ پنجاب میں انسانیت کے دشمنوں اتائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہے ہیں۔ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا حصہ بننے کیلئے لاہور سے آئے صحافیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی اہم موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم سمیت پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے تمام عہدیداران کو شاباش اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا ہے۔ انسانیت کی خدمت کیلئے ہمیں اپنے آپ کو وقف کر دینا چاہئے۔