
موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 09 آٹو میٹک ویدر اسٹیشن کام کر رہے ہیں، چیف میٹرولوجسٹ
مون سون اور فلڈ سیزن 15 جون سے شروع ہو گا جو 15 اکتوبر تک جاری رہے گا جس کے لیے فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے کنٹرول روم کو مکمل فعال کرنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی کا فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن (محکمہ موسمیات) کا دورہ ، ڈائریکٹر آپریشن نثار ثانی سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ ڈی جی کے ہمراہ تھے۔
چیف میٹرولوجسٹ چوہدری محمد اسلم سمیت محکمہ موسمیات کے دیگر افسران نے استقبال کیا اور کمیٹی روم میں ڈی جی پی ڈی ایم اے کو محکمانہ امور بارے بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مون سون اور فلڈ سیزن 15 جون سے شروع ہو گا جو 15 اکتوبر تک جاری رہے گا جس کے لیے فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے کنٹرول روم کو مکمل فعال کرنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ پچھلے سال کی نسبت رواں سال بارشیں کم ہونگی اور صوبہ پنجاب میں موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 09 آٹو میٹک ویدر اسٹیشن کام کر رہے ہیں جس سے روزانہ کی بنیاد پر موسمی صورتحال سمیت پنجاب کے تمام دریاؤں اور نالوں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے چیف میٹرولوجسٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور الرٹ سسٹم سمیت موسمی اور دریاؤں میں پانی کے بہاو کی مانیٹرنگ کا جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو سیلاب اور دیگر آفات سے بچانے کے لیے تمام اداروں کے ساتھ کوارڈینیشن کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مون سون اور فلڈ سیزن میں ارلی وارننگ سسٹم کے بروقت اجراء اور آگاہی سے لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے ، فلڈ سیزن میں دریاوں اور نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مانیٹرنگ اولین ترجیح ہے اور ہل ٹورنٹس کے نالوں کی مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اربن ، فلیش اور ریور فلڈنگ سے بچاو کے لیے اقدامات جاری ہیں ، پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت فلڈ فور کاسٹنگ کے کنٹرول روم سے بھی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔