آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جنرل ہسپتال آمد،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی پولیس اہلکار کی عیادت
آئی جی پنجاب نے زیر علاج ڈولفن اہلکار حافظ محمد نعمان کی عیادت کی،جلد صحت یابی کی دعا۔ ڈاکٹر عثمان انور کی زخمی اہلکار کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت۔ آئی جی پنجاب کی محمد نعمان کے اہل خانہ سے گفتگو،بھرپور تعاون کی یقین دہانی۔ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے دوران زخمی ہونے والے غازی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
لاہور پاکستان(نمائندہ وایس آف جرمنی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے غازی اہلکار ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی بہترین ویلفیئر، علاج معالجے اور جلد از جلد بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فیلڈ میں فرائض سر انجام دینے والے افسران وا ہلکار فرنٹ لائن سولجر ہیں جنہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایسے فرض شناس اور بہادر افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات میں کمی نہیں آئے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جنرل ہسپتال لاہور کے دورے کے موقع پر زخمی پولیس اہلکارحافظ محمد نعمان کی عیادت کے موقع پر کیا۔
آئی جی پنجاب نے زیر علاج ڈولفن اہلکار حافظ محمد نعمان کی عیادت کی،جلد صحت یابی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے طبی ماہرین سے محمد نعمان کے علاج معالجے کی تفصیلات معلوم کیں اور زخمی اہلکار کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے محمد نعمان کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے علاج معالجے کے دوران بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ آئی جی پنجاب نے موقع پر موجود پولیس افسران کو ڈولفن اہلکار نعمان کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا حکم دیا۔ ڈولفن اہلکار نعمان اپنے ساتھی محسن یوسف کے ہمراہ 26 مئی کی شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے اور لاہور کے جنرل ہسپتال میں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔