
انٹرٹینمینٹ
’گولڈن جوڑا‘، امیتابھ اور جیا بچن کا نصف صدی کا ساتھ اور ’اَن دیکھی تصویر‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق امیتابھ بچن کی بڑی بیٹی شویتا بچن نے خوشی کے اس موقع پر جوڑے کی ایک ایسی پرانی تصویر شیئر کی ہے جو اس سے قبل فینز نے نہیں دیکھی تھی۔
آج بالی وڈ کے سب سے نمایاں جوڑے امیتابھ بچن اور جیا بہادری کی شادی کی 50 ویں سالگرہ ہے، جس پر وہ ساتھی اداکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارک بادیں تو وصول کر ہی رہے ہیں تاہم ان کی بیٹی نے سب کو ہی اس خوشی میں شریک کر لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق امیتابھ بچن کی بڑی بیٹی شویتا بچن نے خوشی کے اس موقع پر جوڑے کی ایک ایسی پرانی تصویر شیئر کی ہے جو اس سے قبل فینز نے نہیں دیکھی تھی۔
تصویر میں نوجوان امیتابھ بچن اور جیا بچن ایک دوسرے کی طرف دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔
شویتا بچن نے ساتھ لکھا کہ ’میرے والدین کو شادی کی 50 ویں سالگرہ مبارک ہو، اب آپ گولڈن جوڑا ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے جوڑے کی خوشگوار زندگی کے حوالے سے لکھا کہ ’ایک بار میری والدہ سے پوچھا گیا کہ اتنی اور خوشگوار شادی شدہ زندگی کا راز کیا ہے؟ جس کے جواب میں انہوں نے صرف ایک لفظ بولا ’محبت‘
’اور میرے خیال میں میرے والد کی بیوی ہمیشہ ٹھیک کہتی ہیں۔‘
اس تصویر پر بالی وڈ کے کئی بڑے ناموں نے تبصرے کیے اور جوڑے کو مبارک باد بھی دی۔

ڈائریکٹر زویا اختر نے کہا کہ ’یہ دونوں کتنے خوبصورت لگ رہے ہیں۔‘
اسی طرح شویتا بچن کی بیٹی نیویا نویلی نندا نے پوسٹ کے نیچے دل کے ایموجیز لگا کر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
مہدیپ کمار نے لکھا کہ ’آپ کے والدین کو شادی کی 50 ویں سالگرہ مبارک ہو۔‘
اداکار چنکی پانڈے نے لکھا کہ ’ہیپی گولڈن اینیورسری‘
دوسری جانب اپنی شادی کی 50ویں سالگرہ کے حوالے سے امیتابھ بچن نے رات گئے لکھا کہ ’تین جون کا سورج ابھرنے میں چند لمحے ہی رہ گئے ہیں اور اس کے بعد سال 50ویں ہندسے میں داخل ہو جائے گا۔‘
مبارک باد دینے والوں کے لیے احترام اور محبت، ساتھ ہی انہوں نے گلے لگنے کا ایموجی بھی لگایا۔
