
سی ٹی ڈی کو مختلف ذرائع سے حاصل انفارمیشن کی بنیاد پر عمران ریاض کی بازیابی کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کی ہدایت
ورکنگ گروپ کے تمام ممبران اور حساس اداروں کے نمائندوں کی اجلاس میں شرکت۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں نے عمران ریاض کی بازیابی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں گمشدہ شہری کی تلاش اور بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے حکم پر شہری عمران ریاض کی گمشدگی بارے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے کی۔ اجلاس میں ورکنگ گروپ کے تمام ممبران اور حساس اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں نے عمران ریاض کی بازیابی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔اجلاس میں عمران ریاض کی گمشدگی اور بازیابی کے حوالے سے تمام ممکنہ پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے عمران ریاض کی بازیابی کیلئے روایتی طریقوں کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کی ہدایت کی۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے کہاکہ عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں گمشدہ شہری کی تلاش اور بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں سی ٹی ڈی کو مختلف ذرائع سے حاصل انفارمیشن کی بنیاد پر عمران ریاض کی بازیابی کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کی ہدایت کی گئی۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے ہدایت کی کہ عمران ریاض کی تلاش اور بازیابی کیلئے صوبہ بھر میں انٹیلی جنس کو مزید متحرک بنایا جائے، سپیشل برانچ تمام ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق گمشدہ شہری کی بازیابی میں دیگر اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کرے۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے مزیدکہاکہ عمران ریاض کی تلاش کے حوالے سے ورکنگ گروپ منسٹری آف ڈیفنس کے ساتھ مسلسل اور قریبی رابطے میں ہے اور گمشدہ شہری کی تلاش یقینی بنانے کیلئے انکے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا بھی تجزیہ کیا جائے۔