
انڈسٹریل صارفین کے مسائل کے فوری حل کے لئے لیسکو کے خصوصی ہیلپ ڈیسک بنائے جائیں گے۔ چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان نے کہا کہ لیسکو میں میٹریل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت نادرن سرکل کی گلشن راوی ڈویژن میں کھلی کچہری لگائی گی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر، چیف انجینئرآپریشن ایسٹ سرور مغل، چیف انجینئر آپریشن ویسٹ راجہ محمود سابق ارکان اسمبلی رانا مشہود احمد خان، مہر اشتیاق، میاں مرغوب احمد سمیت سرکل افسران و صارفین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان نے کہا کہ لیسکو میں میٹریل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے مٹیریل کی کمی کو پورا کرنے کے لئے تمام تر ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں اور اس ضمن میں دو میٹر ساز کمپنیوں کو وارننگ لیٹرز جاری کئے گئے ہیں جن میں انہیں کہا گیا کہ وہ اپنا مٹیریل طے شدہ ٹائم تک لیسکو کو فراہم کریں بصورت دیگر انہیں بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ اور لیسکو سے بلیک لسٹ ہونے پر ہم اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ وہ کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی کو میٹر سپلائی نہیں کرسکیں گے۔۔ان کا کہنا تھا کہ لیسکو پونے تین کروڑ صارفین تک بجلی پہنچانے کا ذمہ دار ادارہ ہے جسے انشاء اللہ ہم صارفین دوست ادارہ بنائیں گے تاکہ صارفین اپنے مسائل کے حل کے لئے بناء کسی ہچکچاہٹ لیسکو دفاتر سے ریلیف حاصل کریں۔ انڈسٹریل صارفین کی شکایات سامنے آنے پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا کہ ہم صنعتی صارفین کے لئے خصوصی ہیلپ ڈیسک بنارہے ہیں جہاں ان صارفین کو بناء دفاتر کے چکر لگائے فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ کھلی کچہری میں خراب میٹرز اور زائد بلز بھجوانے کی شکایات درج کرائی گئیں جس پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر لیسکو نے تحقیقات کرنے کا حکم دیا۔کھلی کچہری میں درج ہونیوالی شکایات کو دو سے تین روز میں حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔