اچھی کارکردگی کے حامل سی اوز ہیلتھ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک
ہسپتال میں ادویات کی کمی رپورٹ ہونے پر متعلقہ ایم ایس اور سی ای او ذمہ دار ہوگا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ اچھی کارکردگی کے حامل سی اوز ہیلتھ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جبکہ تین ماہ سے مسلسل آخری سطح پر کارکردگی والے سی ای اوز ہیلتھ کہیں اور چلے جائیں، محکمہ صحت میں انکی کوئی گنجائش نہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر اختر ملک نے ساتویں میڈیکل سپرنٹینڈنٹس/ چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں تمام سی ای اوز ہیلتھ کی دوماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد ، سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اقبال، سپیشل سیکرٹریز کوثر خان اور ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹریز عاصم رضا اور خضر افضال اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سہیل ارشد رانا بھی موجود تھے۔ڈائریکٹرز ای پی ائی، ٹی بی کنٹرول، ہیپاٹائیٹس، ایڈز کنٹرول پروگرامز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز IRMNCH، HCIP اور HISDU نے بھی شرکت کی۔کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔کانفرنس میں پرائمری ہیلتھ کیئر روڈ میپ، پنشن ، انضباطی کیسز، ادویات کی خریداری، ادویات کی دستیابی، پولیو، ڈینگی صورتحال کو مدنظر رکھ کر جائزہ لیا گیا۔کارکردگی جانچنے والے انڈیکیٹرز میں آئی ٹی کا استعمال، ٹی بی، ہیپاٹائیٹس، ایڈز کنٹرول پروگرامز، نان کمیونیکبل ڈیزیز، BERC اور پرائمری روڈ میپ شامل تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کارکردگی کے لحاظ سے ٹاپ تھری ضلع کے سی ای اوز کو سرٹیفکیٹ اور شیلدز دینے کا اعلان کیا۔سی ای او جہلم پہلی پوزیشن، سی ای او پاکپتن دوسری پوزیشن جبکہ سی ای او چنیوٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی جس پر خوب داد دی گئی اور سب سے نچلی سطح پر کارکردگی کے لحاظ سے جھنگ، بہاولپور اور منڈی بہاوالدین کے سی ای اوز کی سرزنش کی گئی۔انہوں نے کہا کہناقص کارکردگی کے لیٹرز متعلقہ سی ای اوز کی سروس فائلوں میں لگائے جائیں گے۔ڈاکٹر اختر ملک نے ہدایت کی کہ تمام ہیلتھ فیسلیٹیز میں ویکسین، ادویات اور ایکسرے، الٹراساؤنڈ کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے-ان کا کہنا کہ ہسپتال میں ادویات کی کمی رپورٹ ہونے پر متعلقہ ایم ایس اور سی ای او ذمہ دار ہوگا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ پولیو صورتحال کا جائزہ کے سلسلہ میں ڈائریکٹر ای پی آئی متعلقہ اضلاع میں وزٹ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ سی اوز ہیلتھ کانفرنسز کے انعقاد سے صحت کا انقلابی روڈمیپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک کی جانب سے سی ای اوز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری صحت اور انکی ٹیم انتظامیہ کو مبارکباد دی۔سی ای اوز ہیلتھ کانفرنس میں موجود جبکہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔