لاہورپولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے شہریوں کو خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری
کمپلینٹ سیل سے محکمہ پولیس سے متعلقہ امورکے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کو نمٹانے کی شرح 99.83فیصد ہے۔ شہری بلا خوف و خطر اپنی شکایات ہیلپ لائن 1242 پر درج کروائیں۔ بلال صدیق کمیانہ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہورپولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے شہریوں کی رواں سال اب تک 6095درخواستیں موصول ہوئیں ہیں جن میں سے 6085 نمٹا دی گئیں جبکہ بقایا10پرکارروائی کی جارہی ہے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ایوان وزیر اعلیٰ کے پورٹل سے موصول ہونے والی تمام142 درخواستوں کو بھی نمٹا دیا گیا ہے۔ اپنے مسائل کے حل کے لئے سی سی پی او آفس آنے والے 2717درخواست گزاروں کی 2715درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں جبکہ بقایا2پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی 3231درخواستوں میں سے 3223پر بھی کارروائی عمل میں لائی جا چکی جبکہ 8پر کام جاری ہے۔ کمپلینٹ سیل کو محکمہ پولیس سے متعلقہ امورکے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کو نمٹانے کی شرح 99.83فیصد ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سی سی پی اوآفس کی عوامی شکایات کے حل کیلئے مختص ہیلپ لائن 1242کے ذریعے شہریوں کومتواتر ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہری بلا خوف و خطر اپنی شکایات ہیلپ لائن 1242 پر درج کروائیں تا کہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے عام آدمی کے محکمہ پولیس سے متعلقہ معاملات کو تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے اور یہ بات اطمینان بخش ہے کہ عوام دوست اقدامات سے لوگوں کا پولیس پر اعتماد بڑھا ہے۔