صحت

ایمرجنسی سروس نے تعطیلات عید میں 22725 ایمرجنسی پہ ریسکیو سروسز فراہم کیں

عیدتعطیلات میں ایثار اور قربانی کے جذبہ سے سرشار ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے ریسکیورزکی خدمات قابل ستائش ہیں، ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):‌سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے عید کے موقع پر پنجاب بھرکے شہریوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے ریسکیورزکی خدمات کو سراہا۔ صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ ریسکیو 1122 نے عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں 22725 ایمرجنسیزپر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔22725 ایمرجنسیز میں 6460 روڈ ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 45 اموات ہوئیں، 12693 میڈیکل ایمرجنسی رپوٹ ہوئیں جن میں 430افرادکی اموات ہوئیں اس کے علاوہ 644 جرائم کے واقعات میں 27اموات اور 37 ڈوبنے کی ایمرجنسی میں 28 اموات ہوئیں، دیگر ایمرجنسیز میں 225فائر ایمرجنسی،635ڈیلیوری/گائنی کے کیس، 463گرنے اور پھسلنے کی ایمرجنسیز جن میں 4اموات ہوئیں، 228کرنٹ لگنے کے واقعات،345کام کرنے والی جگہوں سے ایمرجنسی کالز،44 آگ سے جلنے کے واقعات، 08عمارات گرنے کی ایمرجنسیز،701متفرق ایمرجنسیزجبکہ 242 اینیمل ریسکیو آپریشن شامل تھے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز سے ویڈیو لنک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے عید پر ڈیوٹی کرنے والے ریسکیورزکو خراجِ تحسین پیش کیا اورعید کی تعطیلات کے دوران سڑکوں پر ٹریفک حادثات،کرنٹ لگنے کے واقعات اور ڈوبنے کی ایمرجنسیز میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور معذوری پر تشویش کا اظہار کیا۔
صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے بتایا کہ عید تعطیلات کے دوران لاہور میں سب سے زیادہ 3015 ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں، فیصل آباد میں 1444 ایمرجنسیز، ملتان میں 1244 ایمرجنسیز، گوجرانوالہ میں 1064 ایمرجنسیز، بہاولپور میں 1055 ایمرجنسیز اور سب سے کم 198 ایمرجنسیزچکوال میں رپورٹ ہوئیں۔
ویڈیو لنک میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرساہیوال نے ہائی ایس وین کے ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آنے والے میجر ایکسڈنٹ جس میں ایک شخص جان بحق ہوا اور07 زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم نے 2مختلف ڈوبنے کے واقعات میں 6ڈیڈباڈیز کو نکالنے کے کامیاب ریسکیو آپریشن کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری نے بھی 2مختلف ڈوبنے کے واقعات میں 3ڈیڈباڈیز کو ریکور کرنے کے ریسکیو آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔علاوہ ازیں لاہور، شیخوپورہ،بہاولنگر،گوجرانوالہ،قصور،خانیوال،میانوالی،ملتان اور راجن پورکے ضلعی ایمرجنسی افسران نے عید تعطیلات میں پیش آنے والے ڈونبے کی ایمرجنسی اور ریسپانس کے بارے میں بریفنگ دی۔ایمرجنسیز کے اعدادوشمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر رضوان نصیر نے روڈ ٹریفک حادثات میں 45 اموات، ڈوبنے کے واقعات میں 28 اور کرنٹ لگنے سے 13اموات پر تشویش کا اظہار کیا۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے ریسکیورز کی بے لوث خدمات کو سراہا جنہوں نے اپنی عید تعطیلات کو قربان کرتے ہوئے متاثرین کو فوری ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔ ان ریسکیورز کے فوری اقدامات نے زندگی بچانے اور حادثات کے متاثرین کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے دریاؤں کے اطراف، نہروں، تالابوں اور پانی کے دیگر تفریحی مقامات پر حفاظتی اقدامات کے بغیر نہ جانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں خاص طور پر حالیہ مون سون کے پیش نظر بجلی کے سوئچز، گیٹ کی گھنٹیاں، پیڈسٹل پنکھے، آؤٹ ڈور الیکٹرک پینل اور دیگر برقی آلات کو کبھی بھی حفاظتی اقدامات کے بغیر ہاتھ نہ لگانے کی تلقین کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے کرنٹ کی وجہ سے ہونے والی ایمرجنسیز کو حفاظتی تدابیر اختیار کر کے کم کیا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے شہریوں کو کہا کہ وہ بارش اور خراب موسم میں گاڑی چلاتے ہوئے اور زیادہ محتاط ہوں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسکیو کی ایمرجنسی ہیلپ لائین 1122ڈائل کریں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button