
یومِ تکبیر: پاکستان کی خودمختاری، قومی غیرت اور ایٹمی صلاحیت کا روشن دن — سپیکر ملک محمد احمد خان
"یومِ تکبیر وہ دن ہے جب پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہماری خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے
لاہور پاکستان(سید کاشف ندیم ارحم): سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا باب قرار دیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ "یومِ تکبیر وہ دن ہے جب پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہماری خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے۔ یہ محض ایک دن نہیں، بلکہ قومی غیرت، استقلال اور دفاعِ وطن کے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔”
سپیکر نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے جوہری دھماکوں کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ ہم اپنی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ان تاریخی لمحات کے پیچھے نواز شریف کی جرأت, سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت جیسے عناصر شامل تھے، جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو محفوظ، فعال اور ناقابلِ تسخیر بنانے میں مسلح افواج کا کردار قابلِ فخر ہے۔ چاغی کے پہاڑوں سے لے کر وطن کی ہر سرحد تک پاک فوج نے ہمیشہ قوم کا سر بلند رکھا۔
انہوں نے زور دیا کہ یومِ تکبیر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی اُس روایت کی یاد دہانی ہے جو آج بھی زندہ ہے۔ حالیہ بھارتی جارحیت کے مقابل پاکستان نے جس جرات، اتحاد اور تدبر سے جواب دیا، وہ اسی تسلسل کا مظہر ہے۔ پوری قوم، حکومت، ادارے اور افواج پاکستان ایک صف میں کھڑے رہے اور ملکی سالمیت پر حملے کا ہر وار ناکام بنایا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت نے نہ صرف پاکستان کو داخلی استحکام دیا بلکہ خارجی تحفظ کی بھی ضمانت فراہم کی۔ یومِ تکبیر دراصل اُس قومی اعتماد، قربانی اور عزم کا دن ہے جس کی بنیاد پر پاکستان ناقابلِ تسخیر بنا۔
انہوں نے ان عظیم رہنماؤں، سائنسدانوں، انجینئرز، فوجی افسران اور محب وطن پاکستانیوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے اپنی قربانیوں سے یہ کارنامہ ممکن بنایا